کنگنا رناوت کے کلیکشن میں نئی اور قیمتی مرسڈیز کا اضافہ

سیاست میں شمولیت کے بعد یہ انکے پاس دوسری مرسڈیز مے بیک کار ہے

منگل 9 اپریل 2024 10:25

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2024ء) بالی ووڈ کی متنازع بیانات دینے اور ہر معاملے میں دخل در معقولات کے لیے مشہور اداکارہ کنگنا رناوت اتوار کو ممبئی میں ایک نئی اور چمچاتی مرسڈیز (مے بیک ماڈل) کار میں نظر آئیں، جس کی مالیت 2 کروڑ 40 لاکھ بھارتی روپے ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پاپارازی نے اس موقع پر کنگنا کی ایک سیلون سے نکل کر اس نئی کار میں بیٹھنے کے دوران تصویر بنائی، اس موقع پر وہ سفید رنگ کا ڈریس زیب تن کیے ہوئے تھیں۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق کنگنا نے یہ کار خود کو ہی گفٹ کی ہے۔یاد رہے کہ سیاست میں شمولیت کے بعد یہ انکے پاس دوسری مرسڈیز مے بیک کار ہے اور پہلے سے موجود ان کے کاروں کی کلیکشن میں تازہ ترین اضافہ ہے۔ حال ہی میں بھارتیہ جنتا پارٹی میں شامل ہونے والی کنگنا کے پاس اطلاعات کے مطابق پہلے ہی ایک بی ایم ڈبلیو سیون سیریز کی 730LD، ایک مرسڈیز GLE 350D ایس یو وی اور ایک اوڈی Q3 موجود ہے جبکہ ان کی ممبئی میں دو پراپرٹی (ایک گھر اور ایک دفتر) ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ بی جے پی کی طرف سے ہماچل پردیش کے مانڈی کے حلقے سے الیکشن لڑیں گی۔