محکمہ موسمیات نے عید کے چاند سے متعلق نئی پیشگوئی کردی

شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج اسلام آباد میں ہوگا

Sajid Ali ساجد علی منگل 9 اپریل 2024 10:58

محکمہ موسمیات نے عید کے چاند سے متعلق نئی پیشگوئی کردی
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 اپریل 2024ء ) محکمہ موسمیات نے عید کے چاند سے متعلق نئی پیشگوئی جاری کردی جس کے تحت پاکستان میں آج شوال کا چاند نظر آنے کا قومی امکان ہے اور عید الفطر بروز بدھ 10 اپریل کو ہونے کی توقع ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج ملک کے زیادہ تر مقامات پر مطلع صاف رہنے کا امکان ہے تاہم شمالی علاقوں میں مطلع ابرآلود ہوسکتا ہے جب کہ نئے چاند کی پیدائش 8 اپریل کو رات 11 بج کر 21 منٹ پر ہوچکی ہے، اسی لیے ملک میں آج چاند نظر آنے کے امکانات ہیں کیوں کہ 9 اپریل کو چاند کی عمر 19 سے 20 گھنٹے ہوجائے گی، غروب آفتاب کے بعد چاند نظر آنے کا دورانیہ 50 منٹ سے زائد ہو گا۔

بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں بھی عید الفطر کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا گیا ہے، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 9 اپریل کو اسلام آباد میں ہوگا، چئیرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی سربراہی میں اجلاس ہوگا، اجلاس میں شوال کا چاند دیکھنے کی شہادتیں وصول کی جائیں گی، اجلاس میں رویت ہلال کمیٹی ممبران اور محکمہ موسمیات سپارکو سائنس ٹیکنالوجی حکام شریک ہوں گے، رویت ہلال کمیٹی اجلاس وزارت مذہبی امور میں ہوگا، زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس مقررہ مقامات پر ہوں گے، چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی شوال کا چاند نظر آنے یہ نہ آنے کا اعلان کریں گے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، سعودی رویت ہلال کمیٹی نے شوال کے چاند کی رویت سے متعلق حتمی اعلان کیا اور بتایا کہ مملکت کے کسی علاقے سے شوال کے چاند کی کوئی شہادت موصول نہ ہوئی لہذا مملکت مین رمضان المبارک کے 30 روزوں کے بعد عید الفطر 10 اپریل بروز بدھ کو منائی جائے گی۔