اٹک پولیس کا عیدالفطرکیلئے سیکیورٹی پلان جاری، ناگہانی حالات سے نمٹنے کیلئے اضافی پولیس سٹینڈ بائی رہے گی، ڈی پی او

منگل 9 اپریل 2024 12:19

اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2024ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے کہا ہے کہ ضلع اٹک میں عوام کے جان و مال کی حفاظت پولیس کی ذمہ داری ہے۔ جہاں عام ایام میں اٹک پولیس سیکیورٹی کے بہترین فرائض انجام دے رہی ہے وہیں خاص دنوں میں بھی سیکیورٹی کیلئے خصوصی پلان تشکیل دیا جاتا ہے۔ وہ اے پی پی سے خصوصی گفتگو کررہے تھے۔

اس موقع پر پی آر او ملک محمد نعیم ، سی ایس او تیمور خان علی زئی اور سینئر صحافی نثار علی خان بھی موجود تھے۔ ڈی پی او نے بتایا کہ عید الفطر کے لیے سیکیورٹی کا فول پروف پلان جاری کر دیا ہے جس کے مطابق ضلع بھر میں عید الفطر کے موقع پر350 مساجد ،14 کھلے مقامات اور 27 امام بارگاہوں پر عید کی نماز ادا کی جائے گی جس کی سیکیورٹی کے لیے 600 پولیس افسران و جوانان ،13ایلیٹ سیکشنز اور 707وولینٹئیرز تعینات کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

عید الفطر کے موقع پر ہوائی فائرنگ اورہلڑ بازی کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہوگی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ تمام سیکیورٹی انتظامات کی سپرویژن وہ خود کریں گے اور ہمیشہ کی طرح اس دفعہ بھی اٹک پولیس سیکیورٹی کے معاملات میں کوئی کمپرومائز نہیں کرے گی۔کسی بھی ناگہانی صورت حال سے نمٹنے کے لیے پولیس ہیڈکوارٹرز میں پولیس کی اضافی نفری سٹینڈ بائی رہے گی۔ ڈی پی او اٹک نے پولیس افسران کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ عید کے پر مسرت موقع پر دوران ڈیوٹی عوام کے ساتھ خوش اخلاقی کے ساتھ پیش آئیں اور ڈیوٹی میں کوئی غفلت اور سستی برداشت نہ کی جائے گی۔\378