آرمی چیف کی سانحہ 9مئی کے فوجی عدالتوں سے سزایافتہ 20افراد کی سزا معافی اور رہائی کا حکم

اٹارنی جنرل پاکستان منصور اعوان نے سپریم کورٹ میں رپورٹ جمع کروا دی ،رہا ہونے والے افراد کو 9 مئی کے پر تشدد واقعات میں ملوث ہونے پر گرفتار کیاگیا تھا

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 9 اپریل 2024 12:36

آرمی چیف کی سانحہ 9مئی کے فوجی عدالتوں سے سزایافتہ 20افراد کی سزا معافی ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔09 اپریل2024 ء) آرمی چیف نے سانحہ9 مئی کے واقعات میں ملوث فوجی عدالتوں سے ایک سال تک سزا پانے والے 20 افراد کو رہا کرنے کا حکم دیدیا ،اٹارنی جنرل پاکستان منصور اعوان نے سپریم کورٹ میں رپورٹ جمع کروا دی جسکے مطابق 20 افراد کو رہا کر دیا گیا ہے۔رہا ہونے والے افراد کو 9 مئی کے پر تشدد واقعات میں ملوث ہونے پر گرفتار کیاگیا تھا۔

ان میں ایسے افرادشامل تھے جو کم درجے کی قانونی خلاف ورزی اور جرم میں ملوث تھے۔ ان ملزموں کوفوجی عدالت سے ایک ایک سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی تھی۔ یہ افراد اب تک 9 سے 10 ماہ قید کاٹ چکے ہیں۔راولپنڈی، لاہور،گوجرانوالا، دیر اور مردان کے 20 افراد کو فوجی عدالتوں سے ایک سال کی سزا ہوئی تھی جن کی باقی ماندہ سزا آرمی چیف نے آرمی ایکٹ کے تحت معاف کردی ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق رہا کئے گئے راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے آٹھ افراد ہیں جبکہ لاہور سے تین، گوجرانوالہ سے پانچ، دیر سے تین جبکہ مردان سے تعلق رکھنے والے ایک فرد کو ایک، ایک سال کی سزا سنائی گئی تھی۔تمام ملزمان کو 6 یا 7 اپریل کو رہا کیا گیا، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کسی مجرم نے سزا مکمل نہیں کی تھی، تمام افراد کو آرمی چیف نے عید سے قبل رعایت دی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے پہلے 9 مئی کے واقعات میں ملوث 8 قیدیوں کو رہا کیا گیا تھا جس کے بعد رہائی پانے والے افراد کی تعداد 28 ہو گئی ہے۔واضح رہے کہ 28 مارچ کو سپریم کورٹ نے اپنے 13 دسمبر کے حکم نامے میں ترمیم کرتے ہوئے فوجی حکام کو 9 مئی تشدد کیس میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار 15 سے 20 افراد کو عید الفطر سے قبل رہا کرنے کی اجازت دے دی تھی۔جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 5 رکنی بینچ نے اٹارنی جنرل فار پاکستان منصور عثمان اعوان کو ہدایت کی تھی کہ وہ ان افراد کی فہرست پیش کریں جنہیں عید سے قبل رہا کیا جائے گا، فہرست میں ان لوگوں کی بھی شناخت ہونی چاہیے جنہیں کم سزا دی گئی ہے یا 3 سال تک کی سزا سنائی گئی ہے۔