خیبرپختونخواٹورازم اتھارٹی کے زیراہتمام خیبر میں ایسٹر تہوارکا انعقاد

ایسٹر سپورٹس گالا میں 150 سے زائد نوجوانوں کی شرکت، رسہ کشی ، میوزیکل چیئر، تھرونگ بال، آرچری سمیت خواتین کے مہندی کے مقابلے

منگل 9 اپریل 2024 20:23

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2024ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سیاحت، ثقافت، آثارقدیمہ و عجائب گھر زاہد چن زیب اور چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری کی خصوصی ہدایات پر خیبرپختونخواکلچراینڈٹورازم اتھارٹی، ضم اضلاع ٹورازم ونگ اور کرسچن کمیونٹی کے باہمی اشتراک سے ضم ڈسٹرکٹ خیبرمیں ایسٹر تہوار عقیدت سے منایا گیا جبکہ ساتھ ہی اس موقع پر ایسٹر سپورٹس گالا کے مقابلے بھی ہوئے جس میں مختلف کھیلوں کے مقابلوں سمیت صحت مند سرگرمیاں منعقد ہوئیں۔

اس موقع پر سابق ایم پی اے صوبائی اسمبلی ویلسن وزیر، ملک غفار مسیح، سینئر پادری حسین مسیح، پادری جیورج مسیح، پادری سلیم فیروز، اقلیتی کونسلرجیسیکا جان، اقلیتی کونسلراندریاس خان مسیح اور بابو سرفراز سمیت لنڈی کوتل ، جمروداور پشاور کی مسیحی برادری سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ خیبر میں منعقدہ ایسٹر گالامیں ضم ڈسٹرکٹ کے 150 سے زائد نوجوان شریک ہوئے جن کے مابین رسہ کشی ، میوزیکل چیئر، تھرونگ بال، آرچری سمیت خواتین کے مہندی مقابلے، شادی شدہ جوڑوں کے مابین مقابلے، خوراک اور دیگر صحت مند سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا ۔

ایسٹرگالاکے انعقاد کا مقصد نوجوانوں میں احساس کمتری کا خاتمہ ، اعتماد کی بحالی ، سوسائٹی میں نوجوانوں کا کردار، مختلف اموراور میدانوں میں ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرناتھا ۔شرکاء کا کہنا تھا کہ نوجوانوں میںمذہبی ہم آہنگی کا فروغ ناگزیر ہے ، صوبے اور خصوصاً ضم اضلاع میں مذہبی ہم آہنگی فروغ دینے اور نوجوانوں میں اس کا شعور اجاگر کرنا وقت کی ضرورت ہے ۔