کراچی زونل رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے چاند کی شہادتوں کی تصدیق کرنے سے گریز

چاند کی شہادتوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں تاہم اجلاس کے دوران کسی شخص کو چاند نظر نہیں آیا، حافظ محمد سلفی

muhammad ali محمد علی منگل 9 اپریل 2024 19:40

کراچی زونل رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے چاند کی شہادتوں کی تصدیق کرنے ..
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 اپریل 2024ء ) کراچی زونل رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے چاند کی شہادتوں کی تصدیق کرنے سے گریز، سربراہ زونل کمیٹی حافظ محمد سلفی کے مطابق چاند کی شہادتوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں تاہم اجلاس کے دوران کسی شخص کو چاند نظر نہیں آیا، محکمہ موسمیات کے مطابق چاند کی عمر 24 گھنٹے ہو تو آسانی سے دیکھا جا سکتا ہے، تاہم اس وقت چاند کی عمر 20 گھنٹے ہے۔

دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی اور کوہلو سمیت ملک کے کئی علاقوں سے شوال کے چاند کی شہادتیں موصول ہوئی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق رویت ہلال کمیٹی شہادتوں کا جائزہ لینے میں مصروف ہے۔ چاند کی رویت کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔ واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے عید کے چاند سے متعلق پیشن گوئی کی تھی کہ پاکستان میں آج شوال کا چاند نظر آنے کا قومی امکان ہے اور عید الفطر بروز بدھ 10 اپریل کو ہونے کی توقع ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات نے کہا کہ آج ملک کے زیادہ تر مقامات پر مطلع صاف رہنے کا امکان ہے تاہم شمالی علاقوں میں مطلع ابرآلود ہوسکتا ہے جب کہ نئے چاند کی پیدائش 8 اپریل کو رات 11 بج کر 21 منٹ پر ہوچکی ہے، اسی لیے ملک میں آج چاند نظر آنے کے امکانات ہیں کیوں کہ 9 اپریل کو چاند کی عمر 19 سے 20 گھنٹے ہوجائے گی، غروب آفتاب کے بعد چاند نظر آنے کا دورانیہ 50 منٹ سے زائد ہو گا۔

واضح رہے کہ پاکستان میں عید الفطر کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں جاری ہے۔ چئیرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی سربراہی میں اجلاس ہو رہا ہے۔ اجلاس میں شوال کا چاند دیکھنے کی شہادتیں وصول کی جا رہی ہیں، اجلاس میں رویت ہلال کمیٹی ممبران اور محکمہ موسمیات سپارکو سائنس ٹیکنالوجی حکام شریک ہیں، رویت ہلال کمیٹی اجلاس وزارت مذہبی امور میں ہو رہا ہے، زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس مقررہ مقامات پر ہو رہے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، سعودی رویت ہلال کمیٹی نے شوال کے چاند کی رویت سے متعلق حتمی اعلان کیا اور بتایا کہ مملکت کے کسی علاقے سے شوال کے چاند کی کوئی شہادت موصول نہ ہوئی لہذا مملکت مین رمضان المبارک کے 30 روزوں کے بعد عید الفطر 10 اپریل بروز بدھ کو منائی جائے گی۔