بھارت اور بنگلا دیش میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا

یکم شوال اور عیدالفطر 11 اپریل بروز جمعرات کو ہوگی، بھارتی میڈیا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 9 اپریل 2024 20:05

بھارت اور بنگلا دیش میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا
نئی دہلی ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 09 اپریل 2024ء) بھارت اور بنگلادیش میں شوال کا چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارت میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، بھارت کے شہر لکھنؤ اور دہلی میں چاند دیکھنے کیلئے زونل کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے، کمیٹیوں کو شوال کا چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔

جس کے بعد مقامی کمیٹیوں نے کل 30 ویں روزے کا اعلان کیا۔ جبکہ بھارت میں یکم شوال اور عیدالفطر 11 اپریل بروز جمعرات کو ہوگی۔ اسی طرح بنگلادیش میں بھی شوال کا چاند نظر نہیں آیا، بنگلادیش میں بھی عیدالفطر 11 اپریل کو ہوگی۔ دوسری جانب پاکستان میں شوال کا چاند نظر آ گیا، عید الفطر کل 10 اپریل کو ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چئیرمین مولانا عبد الخبیر آزاد نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان میں شوال کا چاند نظر آ گیا، لہذا ملک بھر میں عید الفطر 1445 ہجری کل 10 اپریل بروز بدھ کو ہو گی۔

(جاری ہے)

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو کراچی، فیصل آباد، دیر، سکردو، کوہلو، مردان، سمیت مختلف علاقوں سے چاند کی شہادتیں موصول ہوئیں۔ محکمہ موسمیات نے بھی عید کے چاند سے متعلق پیشن گوئی کی تھی۔ محکمہ موسمیات نے بھی کہا تھا کہ آج ملک کے زیادہ تر مقامات پر مطلع صاف رہنے کا امکان ہے تاہم شمالی علاقوں میں مطلع ابرآلود ہوسکتا ہے جب کہ نئے چاند کی پیدائش 8 اپریل کو رات 11 بج کر 21 منٹ پر ہوچکی ہے، اسی لیے ملک میں آج چاند نظر آنے کے امکانات ہیں کیوں کہ 9 اپریل کو چاند کی عمر 19 سے 20 گھنٹے ہوجائے گی، غروب آفتاب کے بعد چاند نظر آنے کا دورانیہ 50 منٹ سے زائد ہو گا۔

  یاد رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، سعودی رویت ہلال کمیٹی نے شوال کے چاند کی رویت سے متعلق حتمی اعلان کیا اور بتایا کہ مملکت کے کسی علاقے سے شوال کے چاند کی کوئی شہادت موصول نہ ہوئی لہذا مملکت مین رمضان المبارک کے 30 روزوں کے بعد عید الفطر 10 اپریل بروز بدھ کو منائی جائے گی۔