پاکستان میں شوال کا چاند نظر آ گیا

عید الفطر 1445 ہجری 10 اپریل بروز بدھ کو ہو گی، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اعلان

muhammad ali محمد علی منگل 9 اپریل 2024 20:41

پاکستان میں شوال کا چاند نظر آ گیا
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 اپریل 2024ء ) پاکستان میں شوال کا چاند نظر آ گیا۔ تفصیلات کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چئیرمین مولانا عبد الخبیر آزاد نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان میں شوال کا چاند نظر آ گیا، لہذا ملک بھر میں عید الفطر 1445 ہجری کل 10 اپریل بروز بدھ کو ہو گی۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو کراچی، فیصل آباد، دیر، سکردو، کوہلو، مردان، سمیت مختلف علاقوں سے چاند کی شہادتیں موصول ہوئیں۔

محکمہ موسمیات نے بھی عید کے چاند سے متعلق پیشن گوئی کی تھی کہ پاکستان میں آج شوال کا چاند نظر آنے کا قومی امکان ہے اور عید الفطر بروز بدھ 10 اپریل کو ہونے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ آج ملک کے زیادہ تر مقامات پر مطلع صاف رہنے کا امکان ہے تاہم شمالی علاقوں میں مطلع ابرآلود ہوسکتا ہے جب کہ نئے چاند کی پیدائش 8 اپریل کو رات 11 بج کر 21 منٹ پر ہوچکی ہے، اسی لیے ملک میں آج چاند نظر آنے کے امکانات ہیں کیوں کہ 9 اپریل کو چاند کی عمر 19 سے 20 گھنٹے ہوجائے گی، غروب آفتاب کے بعد چاند نظر آنے کا دورانیہ 50 منٹ سے زائد ہو گا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پاکستان میں عید الفطر کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ چئیرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی سربراہی میں اجلاس ہوا۔ اجلاس میں شوال کا چاند دیکھنے کی شہادتیں وصول کی گئیں، اجلاس میں رویت ہلال کمیٹی ممبران اور محکمہ موسمیات سپارکو سائنس ٹیکنالوجی حکام شریک ہوئے، رویت ہلال کمیٹی اجلاس وزارت مذہبی امور میں ہوا، زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس مقررہ مقامات پر ہوئے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، سعودی رویت ہلال کمیٹی نے شوال کے چاند کی رویت سے متعلق حتمی اعلان کیا اور بتایا کہ مملکت کے کسی علاقے سے شوال کے چاند کی کوئی شہادت موصول نہ ہوئی لہذا مملکت مین رمضان المبارک کے 30 روزوں کے بعد عید الفطر 10 اپریل بروز بدھ کو منائی جائے گی۔