وزیراعظم محمد شہبازشریف کی عیدالفطر کے موقع پر متعدد عالمی رہنمائوں سے فون پر بات چیت،مبارکباد کا تبادلہ

بدھ 10 اپریل 2024 00:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اپریل2024ء) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے عیدالفطر کے موقع پر متعدد عالمی رہنمائوں سے فون پر بات چیت کی اور مبارکباد کا تبادلہ کیا۔ منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ٹیلیفون پر بات چیت کی اور دونوں قائدین نے امت مسلمہ کے اتحاد اور پاکستان اور قطر کی خوشحالی کیلئے دعا کی۔

وزیراعظم نے تعاون کے تمام شعبوں بالخصوص تجارت میں قطر کے ساتھ مل کر کام کرنے کے پاکستان کے عزم سے آگاہ کیا۔ دونوں رہنمائوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید گہرا اور مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ترکیہ کے صدر طیب اردوان سے بھی وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیلی فون پر بات کی۔

(جاری ہے)

دونوں رہنمائوں نے معیشت اور تجارت سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔

وزیر اعظم نے ترکیہ کے عوام کی خوشحالی اور ترقی کیلئے نیک تمنائوں اور دعائوں کا اظہار کیا۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے بھی ٹیلیفون پر بات کی اور عید الفطر کے پرمسرت موقع پر نیک تمنائوں کا اظہار کیا اور پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی وابستگی، مضبوط رشتوں اور قریبی ثقافتی، مذہبی تعلقات کو سراہا۔

اپنا عہدہ سنبھالنے پر متحدہ عرب امارات کی قیادت کی طرف سے نیک تمنائوں پر شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ان کی حکومت کی اولین ترجیح متحدہ عرب امارات کے ساتھ روایتی طور پر برادرانہ تعلقات کو دونوں برادر ممالک کے درمیان باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنا ہوگا۔ شیخ محمد بن زید النہیان نے پاکستان کے لیے متحدہ عرب امارات کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا اور ان برادرانہ تعلقات کو بامعنی طور پر مزید مستحکم کرنے کیلئے دونوں فریقوں کی مشترکہ خواہش کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قطر کے وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی کو ٹیلیفون کیا۔ دونوں رہنمائوں نے عید الفطر کے پرمسرت موقع پر مبارکباد کا تبادلہ کیا۔ انہوں نے پاکستان اور قطر کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں مل کر کام کرنے کا مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قطر کے وزیراعظم کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دی جو انہوں نے شکریہ کے ساتھ قبول کر لی ۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے جمہوریہ آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے بھی ٹیلیفون پر بات چیت کی۔ دونوں رہنمائوں نے عید کی مبارکباد کا تبادلہ کیا اور دونوں ممالک میں ہونے والے حالیہ قومی انتخابات میں اپنی اپنی کامیابیوں پر ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔

دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعاون کی موجودہ صورتحال بالخصوص تجارت، دفاع اور توانائی کے شعبوں میں تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے رواں سال کے آخر میں باکو میں کاپ 29 کی میزبانی پر آذربائیجان کے صدر کو مبارکباد دی۔ آذربائیجان کے صدر نے وزیراعظم کو باکو میں کاپ 29 اجلاس میں شرکت کی دعوت دی۔ انہوں نے آذربائیجان کے صدر کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت بھی دی تاکہ موجودہ دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے۔

بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف نے سلطنت عمان کے سلطان سلطان ہیثم بن طارق سے ٹیلیفون پر بات چیت بھی کی۔ دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور عمان کی خوشحالی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے دعا کی اور دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید گہرا اور مستحکم کرنے کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے سلطنت عمان کے سلطان کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔