بی جے پی حکومت نے کشمیریوں پر مظالم میں مزید اضافہ کر دیا، نظر بند افراد کی دور درا ز بھارتی جیلوںمیں منتقلی

بدھ 10 اپریل 2024 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اپریل2024ء) نریندر مودی کی زیر قیادت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی ) کی فرقہ پرست بھارتی حکومت غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کو انتہائی ظالمانہ سلوک کا نشانہ بنا رہی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے آج جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہندوتوا بی جے پی حکومت کشمیری نظربندوں کو کشمیر کاز کے تئیں ان کے عزم کو کمزور کرنے کے لیے اپنے گھروں سے سینکڑوں ہزاروں میل دور دراز کی بھارتی جیلوں میں منتقل کر رہی ہے۔

رپورٹ میں ڈاکٹر قاسم فکتو سمیت ایک ہزار سے زائد سیاسی قیدیوں کی مقبوضہ علاقے کی جیلوں سے مختلف بھارتی جیلوں ہریانہ، پنجاب، تہاڑ جیل دہلی اور اتر پردیش وغیرہ میں منتقلی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ ان نظر بندوںکو جیلوںمیں طبی سمیت تمام بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں کہا گیا کہ نظر بندوں کی بھارتی سپریم کے احکامات کی بھی خلاف ورزی ہے جن میں نظر بندوں کو اپنے گھروں کی قریب ترین جیلوں میں رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

کے ایم ایس رپورٹ میں کہا گیا کہ دور دراز کی جیلوںمیں ہونے کی وجہ سے نظر بندوں کے اہلخانہ انکے ساتھ ملاقات سے قاصر رہتے ہیں کیونکہ اپنے پیاروں سے ملاقات کیلئے سینکڑوں ہزاروں میل کا سفر کرنا انکے لیے آسان نہیں ہوتا۔رپورٹ میں کہاگیا کہ نظربندوں اور انکے اہلخانہ کو اس بہیمانہ سلوک کا نشانہ بنانا عالمی قوانین اور اصول و ضوابط کی بھی سنگین خلاف ورزی ہے ۔رپورٹ میں انسانی حقوق کے عالمی اداروں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ کشمیری سیاسی نظربندوں کی حالت زار کا نوٹس لیتے ہوئے انکی رہائی کیلئے بھارت پر دبا ئو ڈالیں۔