وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور میں عید الفطر کی نماز ادا کی، ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور امت مسلمہ کی یکجہتی کے لیے خصوصی دعا کی

جمعہ 12 اپریل 2024 08:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اپریل2024ء) وزیراعظم شہباز شریف نے بدھ کو لاہور عید الفطر کی نماز ادا کی۔وزیر اعظم نے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور امت مسلمہ کی یکجہتی کے لیے خصوصی دعا کی۔نماز عید کی ادائیگی کے بعدوزیر اعظم نے لوگوں کو عید کی مبارکباد دی۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےوزیر اعظم نے کہا کہ عید مناتے ہوئے قوم کو ان بھائیوں اور بہنوں کو یاد رکھنا چاہیے جنہیں مدد کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے قوم سے کہا کہ وہ پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کے ویژن کے مطابق اسلامی فلاحی ریاست بنانے کا عہد کریں۔وزیر اعظم نے کہا کہ آئیے ہم ان لوگوں کا خیال رکھنے کا اعادہ کریں جنہیں ہماری ضرورت ہے اور ہم مظلوم کشمیریوں اور فلسطینیوں کی حمایت میں آواز بلند کریں جن کا خون آج بھی بہایا جا رہا ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور حمزہ شہباز نے بھی وزیراعظم کے ہمراہ نماز ادا کی۔