پاکستان کرکٹ ٹیم اگلے سال نیوزی لینڈ جائیگی، بات چیت جاری

جمعہ 12 اپریل 2024 16:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اپریل2024ء) پاکستان کرکٹ ٹیم آئندہ سال نیوزی لینڈ کا دورہ کرے گی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ اور نیوزی لینڈ کرکٹ کے درمیان پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ نیوزی لینڈ میں ردو بدل کے حوالے سے بات چیت جاری ہے،پاکستان کرکٹ بورڈ اور نیوزی لینڈ نے باہمی رضا مندی سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ نیوزی لینڈ کو آئندہ برس کے اوائل میں رکھا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پی سی بی اور نیوزی لینڈ کرکٹ کے درمیان وائٹ بال سیریز کے لیے بات چیت جاری ہے کیونکہ ایف ٹی پی کے مطابق نیوزی لینڈ نے آئندہ برس کے اوائل میں پاکستان کی میزبانی کرنی ہے لیکن چیمپئنز ٹرافی سے قبل جنوری فروری میں پی سی بی نے سہ فریقی سیریز کا انعقاد کرنا ہے۔سہہ فریقی سیریز کی وجہ سے اب پاکستان ٹیم چیمپئنز ٹرافی کے بعد نیوزی لینڈ کا دورہ کرے گی۔نیوزی لینڈ کرکٹ نے تصدیق کی ہے کہ چند ہفتوں میں معاملات طے ہو جائیں گے۔ پاکستان کے دورے میں 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز شامل ہے جبکہ سہ فریقی سیریز کے لیے دو ٹیموں نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ نے تصدیق کی ہوئی ہے۔