صدرالخدمت فائونڈیشن پاکستان نے غزہ کے زخمیوں،بیماروں اور بچوں کے ساتھ مصرمیں عید منائی

عیدکی نمازکے بعدمصرکے مختلف ہسپتالوں میں زخمیوں اور بیماروں سے ملاقات میں تحائف اور مالی امدادفراہم کی‘ ڈاکٹرحفیظ الرحمن خوشی ہے معصوم بچو ں اورمتاثرہ افراد کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے میں کامیاب ہوئے‘ مہاجرین کے اعزاز میں منعقدہ عید ضیافت سے خطاب

جمعہ 12 اپریل 2024 18:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اپریل2024ء) صدرالخدمت فائونڈیشن پاکستان ڈاکٹرحفیظ الرحمن نے عید الفطرقاہرہ مصرمیں موجود غزہ کے زخمیوں،بیماروں اور بچوں سمیت مہاجرین کے ساتھ منائی۔انہوں نے چاندرات پرغزہ کے معصوم بچوں اور متاثرہ خاندانوں کو مختلف میگاشاپنگ سنٹرزمیں عیدکی شاپنگ کروائی،بچوں کوکھلونے اورگفٹ کے علاوہ عیدی بھی دی گئی۔

عید الفطرکی نماز کے بعدمرکزی صدرالخدمت وفدکے ہمراہ مستشفیٰ فلسطین، الاسلام ہاسپٹل سمیت مصرکے دیگرہسپتالوں میں گئے اور وہاں زیرعلاج غزہ کے زخمیوں اور بیماروں سے ملاقات میں انہیں عید کی مبارکباد پیش کی،مالی امدادکے علاوہ تحائف دئیے اور انھیں حوصلہ دیتے ہوئے اہل پاکستان کی جانب سے اظہاریکجہتی اورنیک خواہشات کے جذبات پہنچائے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ان کے ہمراہ منیجنگ ڈائریکٹرالخدمت گلوبل شاہداقبال، صدرالخدمت یورپ حامدفاروق سمیت دیگرذمہ داران بھی موجودتھے۔ بعدازاں مصرکے مختلف علاقوں میں مقیم غزہ کے مہاجرین کے اعزاز میں عید کی شام الخدمت فانڈیشن پاکستان کی جانب سے ضیافت کااہتمام کیاگیا، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدرالخدمت ڈاکٹرحفیظ الرحمن نے کہاکہ ہم غزہ کے ان مہاجرین بہن بھائیوں اور بچوں کوعید کے پرمسرت لمحات میں شریک کرناچاہتے تھے ہمیں خوشی ہے کہ ہم ان معصوم بچو ں اورمتاثرہ افراد کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے میں کامیاب ہوئے۔

ڈاکٹرحفیظ الرحمن نے کہاکہ غزہ سے مصرہجرت کرنے والے زخمیوں اور بیماروں کی تعداد 3600جبکہ ان کے لواحقین کی تعداد 4500ہے ان متاثرہ افراد کو الخدمت فانڈیشن کا قاہرہ میں قائم کیمپ آفس امداد فراہم کررہا ہے عید پربھی ان خاندانوں کوفوڈ پیکج سمیت دیگرامدادی سامان ان کے گھروں اور رہائشی مقامات پرپہنچایاگیا۔ انھوں نے کہاکہ متاثرہ خاندانوں سمیت زخمی بچے بھی انتہائی پرعزم ہیں اور بہادری سے مصائب کا مقابلہ کررہے ہیں ان کی زبانوں پر شکوے کی بجائے اللہ کی کبریائی اور شکرکے الفاظ ہیں۔