ایف آئی اے امیگریشن کی کارروائی، فیصل آباد ائرپورٹ سے کشتی حادثہ میں ملوث ایجنٹ گرفتار

جمعہ 12 اپریل 2024 20:30

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اپریل2024ء) ایف آئی اے امیگریشن نے فیصل آباد ائرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے22 مارچ 2024 کو ہونے والے کشتی حادثے میں ملوث ایجنٹ کوگرفتار کرلیا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق لیبیا سے آنے والے 3 ملزمان کی شناخت پر ایجنٹ کو گرفتار کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ ملزمان لیبیا سے ایمرجنسی پاسپورٹ پر پاکستان پہنچے تھے۔

ملزمان میں ندیم عباس، محمد اویس اور ضیغم شامل ہیں جن کو 22 مارچ 2024 کو ہونے والے کشتی حادثے میں ریسکیو کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ دوران تفتیش ملزم ندیم عباس نے انکشاف کیا کہ محمد بلال نامی سمگلر نے یونان براستہ لیبیا بھجوانے کے 25لاکھ روپے ان سے ہتھیائے تھے۔ایف آئی حکام نے ملزم کی نشاندہی پر محمد بلال سلمان نامی ایجنٹ کو فیصل آباد ائرپورٹ کی پارکنگ سے ہی گرفتار کر لیا ۔

مذکورہ ایجنٹ اسے ایئرپورٹ پر وصول کرنے آیا ہوا تھا۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ گرفتار ہونے والےایجنٹ کے موبائل فون میں انسانی سمگلنگ اور ہنڈی حوالہ سے متعلق مواد بھی برآمد کر لیا گیا۔ گرفتار ایجنٹ انٹرنیشنل گینگ کے کارندوں سے رابطے میں تھا۔ بعدازاں ملزمان اور ایجنٹ کو مزید تفتیش کے لئے اینٹی ہیومن ٹریفیکنگ سرکل فیصل آباد منتقل کر دیا گیا ۔