اٹک، عید کے دوران مختلف واقعات میں 6 افراد جاں بحق، 7 زخمی ہو گئے

جمعہ 12 اپریل 2024 20:40

اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اپریل2024ء) عید کے دوران مختلف واقعات میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہو گئے۔ پولیس اور ہسپتال ذرائع نے بتایا کہ عید کے دوران ضلع اٹک کے مختلف علاقوں میں مختلف واقعات میں ایک خاتون سمیت چھ افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ سات زخمی ہوئے۔ ذرائع کے مطابق سب سے زیادہ ہلاکتیں پانی میں ڈوبنے کے واقعات کی وجہ سے ہوئیں۔

پہلے واقعے میں اٹک خورد دریائے سندھ پر تین نوجوان دریائے سندھ میں ڈوب گئے۔ پولیس اور ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ 19 سالہ حسین شاہ، 18 سالہ وقار اور 20 سالہ عبدالغنی عید کے موقع پر پکنک منانے دریائے سندھ پر گئے تھے۔ وقار جیسے ہی گہرے پانی میں گیا اور کنٹرول کھو بیٹھا جس کو دیکھ کر عبدالغنی اس کو بچانے گیا لیکن وہ بھی ڈوب کر بہہ گیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح دوسرے واقعہ میں حسین شاہ ساکن برہ زئی بھی ڈوب گیا۔

بعد ازاں ریسکیو 1122 نے امدادی کارروائی کی اور حسین کی لاش نکال لی۔ علاوہ ازیں جمعہ کو تھانہ جنڈ کی حدود میں ہکلہ ڈی آئی خان موٹروے کے قریب جبہ واٹر چینل میں ایک شخص ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ 22 سالہ حماد تیراکی سے لطف اندوز ہونے کے لیے واٹر چینل پر گیا تو وہ کنٹرول کھو بیٹھا اور ڈوب گیا۔ بعد ازاں مقامی رضاکاروں نے اس کی لاش کو نکال کر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال جنڈ منتقل کیا ۔

جمعہ کو اٹک کے قصبہ حضرو میں ایک شخص جھلس کر جاں بحق ہو گیا۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ سی این جی اسٹیشن کا ملازم 35 سالہ اسد علی عید کی چھٹی کے بعد اسٹیشن کی سپلائی لائن پر جانے کے باعث کنٹرول روم میں گیس جمع ہونے سے جھلس گیا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال لے جاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ دریں اثناء حسن ابدال تھانے کی حدود شہید آباد کے علاقے میں جمعہ کو پشاور سے کراچی آنے والی مسافر ٹرین سے بکریوں کو بچاتے ہوئے ایک خاتون چرواہا اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھی۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ 40 سالہ معروف جان ریلوے لائن کے ساتھ اپنی بکریوں کو چرا رہی تھی کہ ٹرین قریب آئی اور اپنی بکریوں کو بچانے کی کوشش میں وہ ریلوے لائن پر آگئی جس کے نتیجے میں اس نے اسے ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔ دریں اثناء تھانہ حضرو کی حدود تربیلا چوک کے قریب تیز رفتاری کے باعث دو موٹر سائیکل سواروں میں تصادم کے نتیجے میں دو بچوں سمیت پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ علاوہ ازیں تھانہ جنڈ کی حدود میں توریالی کے قریب دو موٹرسائیکلیں آپس میں ٹکرا گئیں، سواروں کی شناخت آفتاب اور زوہیب کے نام سے ہوئی ۔ متعلقہ پولیس نے الگ الگ مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی۔