ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز کی عیدالفطر پر موثر سکیورٹی انتظامات پر اسلام آباد پولیس کے افسران و اہلکاروں کی تعریف

0سے زائد افسران واہلکارسکیورٹی کے موثر اقدامات کو یقینی بنانے کے لئے مصروف عمل رہے، کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا

جمعہ 12 اپریل 2024 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اپریل2024ء) ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز نے عیدالفطر پر موثر سکیورٹی انتظامات پر اسلام آباد پولیس کے افسران و اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہا۔عید پر شہر بھر میں2500سے زائد افسران واہلکارسکیورٹی کے موثر اقدامات کو یقینی بنانے کے لئے ہمہ وقت مصروف عمل تھے۔ موثر پولیسنگ اور سیکیورٹی انتظامات کی وجہ سے شہر میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔

تفصیلات کے مطابق عید الفطر کے موقع پر وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا گیا۔ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز حسن رضا خان نے اسلام پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ موثر پولیسنگ اور سیکیورٹی انتظامات کی وجہ سے شہر میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی آپریشنز سید شہزاد ندیم بخاری نے وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں مجموعی طور پر جامع سکیو رٹی انتظامات اور موثر گشت کے اقدامات کی نگرانی کی۔

جبکہ ایس ایس پی آپریشنز، ایس ایس پی ٹریفک اور تمام سینئر افسران اپنے ماتحت افسران کے ساتھ فیلڈ میں موجود رہے ۔اس موقع پر شہر بھر میں سکیورٹی کے موثر انتظامات اور ٹریفک کی روانی کی بہتر بنانے کے لئے 2500سے زائد افسران واہلکاروں نے اپنے فرائض منصبی سر انجام دیئے۔ پولیس اہلکاروں نے شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر خصوصی نگرانی کی جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے مختلف علاقوں میں چیکنگ بھی کی۔

لیک ویو پارک، چتھر پارک، دامن کوہ، پیر سوہاوہ اور فاطمہ جناح پارک سمیت مختلف پارکوں میں بھی اضافی نفری تعینات کی گئی جبکہ سڑکوں پر ون ویلنگ، تیز رفتاری اور ٹریفک جام پر قابو پانے کے لیے ٹریفک پولیس کے خصوصی دستے تعینات کیے گئے تھے۔ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز نے امید ظاہر کی کہ اسلام پولیس مستقبل میں بھی اسی طرح کی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے موثر انتظامات کے تسلسل کو یقینی بنائے گی۔