وزیر اعظم شہباز شریف کا ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے ٹیلی فونک رابطہ

جمعہ 12 اپریل 2024 21:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اپریل2024ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔میاں محمد شہباز شریف نے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور ایم کیو ایم کے کارکنان کو عید کی مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ ہمیں مل کر پاکستان اور پاکستانیوں کو مشکلات سے نکالنا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ اللہ تعالی عید کی خوشیوں کے ساتھ عام پاکستانی کی زندگی میں خوشحالی لائے اور اس امید کا اظہار کیا کہ اگلی عید ہمارے گمشدہ کارکنان اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ منائیں گے۔ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کو پاکستان اور پاکستانیوں کے بہتری کیلئے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔