”فرنٹ لائن ڈیفنڈرز “کا مقبوضہ جموںوکشمیر میں حقوق کے کارکنوں، صحافیوں کو درپیش جبر پر اظہار تشویش

ہفتہ 13 اپریل 2024 11:50

ڈبلن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اپریل2024ء) آئرلینڈ میں قائم انسانی حقوق کی تنظیم”فرنٹ لائن ڈیفنڈرز “نے مودی کی زیر قیادت ہندو توا بھارتی حکومت کی طرف سے بھارت کے غیر قانونی زیرتسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کے محافظوں اور صحافیوں کو درپیش ظلم و ستم پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فرنٹ لائن ڈیفنڈرز نے اپنی ویب سائٹ پر پوسٹ ایک بیان میں کشمیری صحافی سجاد گل کی مسلسل نظربندی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر ہائیکورٹ نے انکی کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت نظربندی نومبر 2023 میں کالعدم قرار دیدی تھی لیکن اس کے باوجود انہیں تاحال رہا نہیں کیا اور اپنے خاندان سے بہت دور ایک بھارتی جیل میں مسلسل قید ہیں۔

سجاد گل کو 5 جنوری 2022 کو محض اس وجہ سے گرفتار کیا گیا تھا کیونکہ انہوں نے بھارتی فورسز کے ہاتھوں ایک تلاشی آپریشن کے دور ان شہید ہونے والے ایک شہری کے اہلخانہ کے احتجاج کی ویڈیو اپنے سوشل میڈیا اکائٹ پر پوسٹ کی تھی۔انسانی حقوق کی تنظیم نے بھارتی حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ سجاد گل اور غیر قانونی طور پر نظر بندی دیگر صحافیوں، انسانی حقوق کے محافظوں کو فوری طور پر رہا اور ان کے خلاف تمام کارروائیاں ختم کریں ۔