عید الفطر ،مسعود خان کی ملکی و غیر ملکی سفارت کاروں، کشمیری برادری اور بین الاقوامی میڈیا نمائندگان سے ملاقات

سفیر پاکستان کا کشمیریوں کے بڑے اجتماع سے خطاب، کشمیریوں کو اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھنے، یقین کامل کے ساتھ حق خود ارادیت کے لئے جدوجہد جاری رکھنے کی ہدایت سفیر پاکستان کی بین الاقوامی میڈیا نمائندگان سے ملاقات، علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال

ہفتہ 13 اپریل 2024 16:20

ْ واشنگٹن /اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اپریل2024ء) عید الفطر کے پرمسرت موقع پر امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے عید کی مناسبت سے روائتی مذہبی جوش جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے سفیر پاکستان مسعود خان کی مصروفیات کا خصوصی پروگرام ترتیب دیا گیا۔ سفیر پاکستان نے عید الفطر کی نماز واشنگٹن ڈی سی کے تاریخی اسلامک سنٹر میں سینکڑوں نمازیوں کے ساتھ ادا کی جن میں پاکستانی کمیونٹی کی ایک بڑی تعداد بھی شریک تھی۔

سفیر پاکستان کی جانب سے پاکستان ہاس میں اوپن ہاس کا اہتمام کیا گیا جس میں ملکی و غیر ملکی سفارت کاروں اور ان کے اہل خانہ کو مدعو کیا گیا۔ اس موقع پر امریکی محکمہ خارجہ کے حکام بھی موجود تھے۔ غیر ملکی سفارت کاروں میں ہالینڈ اور کوسٹا ریکا کے سفرا شامل تھے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں سفیر پاکستان نے کشمیری امریکن ویلفئیر ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقدہ اجتماع میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔

پانچ سو سے زائد کشمیری حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستانی عوام کا دل اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔ انہوں نے کشمیری عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد رکھیں اور یقین کامل کے ساتھ اپنے حق خود ارادیت کے لئے اپنی جدوجہد بھرپور انداز میں جاری رکھیں۔علاوہ ازیں سفیر پاکستان کی جانب سے بین الاقوامی میڈیا نمائندگان کو بھی پاکستان ہاس مدعو کیا گیا۔

شرکا میں معروف امریکی میڈیا اداروں نیو یارک ٹائمز، واشنگٹن پوسٹ، وال سٹریٹ جنرل، بلوم برگ، یو ایس اے ٹوڈے، فارن پالیسی، وائس آف امریکہ، نیشنل جیوگرافک، دی نیشنل اور دیگر شہرت یافتہ میڈیا اداروں کے نمائندگان سے بات چیت کے دوران پاک امریکہ تعلقات، علاقائی و بین الاقوامی صورتحال سے متعلقہ موضوعات زیر بحث آئے۔