میٹھی عید کی میٹھی خوشیوں کو پھیکا کرنے والوں کیخلاف کریک ڈائون

قوانین کی خلاف ورزیوں پر 2لاکھ جرمانہ عائد، بھاری مقدار میں حشرات زدہ اشیا تلف

ہفتہ 13 اپریل 2024 16:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اپریل2024ء) میٹھی عید کی میٹھی خوشیوں کو پھیکا کرنے والوں کیخلاف کریک ڈائون ، وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن اور صوبائی وزیر خوراک کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیمیں متحرک، انڈسٹریل ایریا گلبرک میں سویٹس کنفیکشنری یونٹ کی چیکنگ کے دوران قوانین کی خلاف ورزیوں پر 2لاکھ جرمانہ عائد، بھاری مقدار میں حشرات زدہ اشیا تلف کر دی گئیں ۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے کہا کہ کچن ایریا میں صفائی کے ناقص انتظامات، حشرات الارض کی بھرمار پائی گئی، کھلے ڈرین، ناقص سٹوریج میں کاکروچز اور دیگر حشرات کی بھرمار پائی گئی، بدبودار ماحول، گندا ٹوٹا فریزر، حشرات زدہ پیکنگ میٹریل استعمال کیا جا رہا تھا۔ انتہائی لازم ریکارڈ اور ملازمین کے میڈیکل، ٹریننگ سرٹیفکیٹ عدم موجود پائے گئے۔

(جاری ہے)

ناقص آئل سے تیار اشیا خورونوش کا استعمال دل کے عارضے میں مبتلا کرتا ہے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین کی ہدایت پر صحت مند خوراک کی فراہمی کے لیے ٹیمیں ہمہ وقت فیلڈ میں موجود ہیں، زیادہ منافع کی آڑ میں شہریوں کی صحت کیساتھ کھلواڑ کرنے والے مافیا کی پنجاب میں کوئی جگہ نہیں، خوراک کی تیاری میں کوتاہی کے مرتکب عناصر کا خاتمہ اولین ترجیح ہے۔ شہری ملاوٹ کرنے والے عناصر کے خاتمے کے لیے اپنے ارد گرد موجود ملاوٹ مافیا کی نشاندہی کریں اور 1223پر اطلاع دیں۔