لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے اعلانات کے باوجود بجلی گھنٹوںگھنٹوں غائب رہی ،لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،سکندر حیات خان شیرپائو

ہفتہ 13 اپریل 2024 18:50

پ*پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اپریل2024ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو نے عید الفطرکے دوران بجلی کے ناروا لوڈشیڈنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی اور مرکزی حکومتوں کو اس کا ذمہ دار ٹہرایا اور کہا کہ لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے اعلانات کے باوجود صوبہ کے بیشتر علاقوں میں بجلی گھنٹوںگھنٹوں غائب رہی جس کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

وطن کور شیرپائو میں تحصیل تنگی کے پارٹی کارکنوں اور عہدیداروں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ عید سے قبل حکومت نے عید الفطر کے دوران بجلی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن حکمرانوں نے اس پرعمل درآمدنہیں کیا اور پورے صوبے میں عید کے تینوں دنوں کے دوران بجلی کی ظالمانہ لوڈشیڈنگ جاری رہی۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے رمضان پیکج کو عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکھنے کے مترادف قرار دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اقربا پروری کی انتہا ہو گئی کیونکہ پیکج سے غربا اور مساکین کو نہیں صرف اپنوں کو نوازا گیاجس کی وجہ سے صوبہ کے حقدارعوام میں مایوسی پھیل چکی ہے جبکہ کہا گیا تھا کہ یہ پیکج احساس اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے حقداروں میں تقسیم ہو گی لیکن ایسا نہیں کیا گیا۔

بہاولنگر واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انھوںکہا کہ اداروں کے مابین بد مزگی سے قوم میں شدید بے چینی پھیل چکی ہے لہٰذا تمام ادارے کواپنی حدودمیںرہتے ہوئے اپنا کردار ادا کرنے کا پابند بنایا جائے تاکہ مستقبل میں اس قسم کے واقعات سے بچا جا سکے۔اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے علاقائی عہدیداروں اور کارکنوں نے بھی خطاب کیا۔