Live Updates

عمر ایوب پہلے فاطمہ جناح کا مینڈیٹ چوری کرنے پر قوم سے معافی مانگیں

ایوب خان نے ملک میں مینڈیٹ چوری کرنے کا بیج بویا تھا، تحریک چلانے سے پہلے 2018 میں مینڈیٹ چوری کا حساب دیا جائے، چیئرمین پی ٹی آئی نظریاتی اختر اقبال ڈار کا ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 13 اپریل 2024 18:51

عمر ایوب پہلے فاطمہ جناح کا مینڈیٹ چوری کرنے پر قوم سے معافی مانگیں
لاہور( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 13 اپریل 2024ء) چیئرمین پی ٹی آئی نظریاتی اختر اقبال ڈار نے کہا ہے کہ عمر ایوب پہلے فاطمہ جناح کا مینڈیٹ چوری کرنے پر قوم سے معافی مانگیں، پہلے2018میں مینڈیٹ چوری کا حساب دیا جائے۔ انہوں نے سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی عمر ایوب خان کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ صدر ایوب خان کا پوتا عمر ایوب پہلے اپنے گریبان میں جھانکے، بانی پی ٹی آئی اور عمر ایوب تحریک چلانے سے پہلے2018میں مینڈیٹ چوری کا حساب دیں، 2018میں مینڈیٹ چوری کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی اور عمر ایوب کو تحفظ آئین یاد نہیں آیا، عمر ایوب کے داد اایوب خان نے ملک میں مینڈیٹ چوری کرنے کا بیج بویا تھا۔

عمر ایوب تحریک چلانے سے پہلے فاطمہ جناح کا مینڈیٹ چوری کرنے پر قوم سے معافی مانگیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے پشین میں اپوزیشن اتحاد ’تحریک تحفظ آئین‘ کے زیر اہتمام پہلے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی ترقی سے پاکستان کی ترقی ہے لیکن حکومت بلوچستان نے پشین کے راستے میں جگہ جگہ ناکے لگائے ہوئے ہیں جہاں سے کارکنوں اور پارٹی کے جھنڈوں کو نہیں چھوڑا جارہا۔

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ 9 مئی کی سی سی ٹی وی ویڈیو سے سب عیاں ہو جائے گا، ملک کے عوام ہمیشہ تحریک کو کامیاب بنانے کے لیے پیش پیش رہے، اپوزیشن اتحاد پورے ملک میں جلسے کرے گا، ہر طبقے کے پاس جائیں گے، آئین کی پاسداری ہوئی تو عمران خان اور دیگر قائدین جیلوں سے باہر آسکیں گے۔ بتایا جارہا ہے کہ اپوزیشن اتحاد کے صوبہ بلوچستان کے علاقہ پشین میں جلسے کے پیش نظر انتظامیہ نے دفعہ 144 نافذ کی ہوئی ہے، پشین میں انتظامیہ کی جانب سے شہر میں پانچ سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی عائد کی گئی ہے، جلسہ گاہ کے اندراور باہر سیکیورٹی کی بھاری نفری تعینات ہے، ضلعی انتظامیہ کے اس اقدام سے جلسہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

عمر ایوب نے کہا کہ اگر فارم 45 کی حکومت بنتی تو مرکز میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت بنتی، یہ لوگ فارم 47 کی بیساکھیوں پر کھڑے ہیں، عوام کا سمندرآپ کو بہا کر لے جائے گا،آپ عوام کے سامنے نہیں کھڑے ہوسکتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم آئین اور قانون کے تحفظ کے لئے نکلے ہیں، بلوچستان ترقی کرے گا تو پاکستان ترقی کرے گا۔ 
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات