Live Updates

رسول اللہ ﷺ نے عید کی خوشیوں میں غریبوں کو بھی اپنے ساتھ شامل کرنے کی تعلیم دی ، مفتی خرم اقبال رحمانی

حنفیہ عالمگیر کے مرکزی جنرل سیکریٹری الحاج سعید صابری، علامہ فیض رسول شا ہ اور دیگر کا خطاب

ہفتہ 13 اپریل 2024 21:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اپریل2024ء) قدیمی مرکزی عیدگاہ حنفیہ عالمگیر جامع مسجد ٹرسٹ میں نماز عید الفطر کا عظیم الشان اجتماع منعقد ہوا۔ نماز عید کے اجتماع سے مفتی خرم اقبال رحمانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا عید کے دن خوشی کا اظہار کرنا نبی کریم ﷺ کی سنت ہے عید اللہ کی طرف سے ضیافت کا دن ہے اس لیے عید کے دن روزہ رکھنا منع ہے۔

اسلام نے اپنے پیروکاروں کو خوشی منانے کا سلیقہ بھی سکھایا کہ دنیا کی دیگر اقوام کی طرح خوشی کے موقع پر جشن منانے میں تمام حدیں پار کرنے کے بجائے اپنے رب کی اطاعت و فرمانبرداری میں مزید اضافہ کردیا جائے۔ رسول اللہ ﷺ نے عید کی خوشیوں میں غریبوں کو بھی اپنے ساتھ شامل کرنے کی تعلیم دی اور صدقہ فطر کو واجب قرار دیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ٹرسٹ کے جنرل سیکرٹری الحاج سعید خان صابری نے ٹرسٹ کی جائزہ رپورٹ پیش کی اور عوام الناس کا شکریہ ادا کیا کہ آپ کے تعاون سے حنفیہ عالمگیر سرد خانہ فعال ہوچکا ہے اب مزید ایمبولینس اور میت گاڑی کی ضرورت ہے آپ نے مزید کہا کہ حنفیہ عالمگیر جامع مسجد ٹرسٹ مذہبی تعلیمی و سماجی شعبوں میں عوام الناس کے لیے اسی طرح بڑھ چڑھ کر اپنی خدمات پیش کرتا رہے گا۔

علامہ سید فیض رسول شاہ قادری نے نماز عید کی امامت کے فرائض سرانجام دیے نماز بعد عالم اسلام پاکستان اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ ٹرسٹ کے چیئرمین سر فرید احمد، محمد عادل فاروق، علامہ متین عباس نقشبندی، مولانا عمران خان جامعہ سلیم کے اساتذہ مولانا عمر فاروق، مولانا عبد الاحد، مولانا ارسلان، مولانا طحہ صدیقی، مولانا محبوب عطاری سمیت طلبہ کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات