ملک کو کرپشن کے ناسور نے کھوکھلا کر دیا ہے جس سے ترقی کو ’’بریک‘‘ لگ گئی ہے،میر عبدالکریم نوشیروانی

ہفتہ 13 اپریل 2024 22:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اپریل2024ء) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا ہے کہ ملک کو کرپشن کے ناسور نے کھوکھلا کر دیا ہے جس سے ترقی کو ’’بریک‘‘ لگ گئی ہے ملک کو کرپشن کے ناسور سے نجات دلانے کا واحد حل ’’ری کال الیکشن‘‘ ہے۔ تمام سیاسی جماعتیں ایسا قانون سینیٹ اور قومی اسمبلی سے منظور کرائیںجس کے تحت جو بھی رکن اسمبلی یا عوامی نمائندہ کرپشن کرتا ہے اور اس پر کرپشن ثابت ہوتی ہے اس کے حلقہ انتخاب میںری کال الیکشن کرایا جائے اور اسے تاحیات عوامی عہدے کیلئے نااہل قرار دیئے جانے کے ساتھ ساتھ قید و بند کی سزا بھی دی جائے اسے عبرت کا نشان بنایا جائے تاکہ آئندہ کوئی ایسا کرنے کی جرات نہ کرے۔

یہ بات انہوںنے مختلف وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا کہ پاکستان کو آزاد ہوئے 76سال ہوچکے ہیں لیکن بدقسمتی سے اس ملک کو کرپشن کے دیمک نے کھوکھلا کرد یا ہے جس سے ملک کی ترقی کو بھی بریک لگ گئی ہے۔ سیاست کو تجارت بنا دیا گیا ہے الیکشن پر 10کروڑ روپے خرچ کرو اور کامیاب ہوکر اربوں روپے بنا کر بیرون ملک سرمایہ کاری کرو، اپنا بینک بیلنس بڑھا?، نہ یہ سیاست ہے اور نہ ہی جمہوریت ہے۔

انہوںنے مزید کہا کہ کرپشن، کاروباری سیاست ،شاہ خرچیوں اور غیر ترقیاتی اخراجات میں اضافے نے ملک کو دیوالیہ کر دیا ہے اور آئی ایم ایف کی گود میںجا پھینکاہے جس نے عام عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ ڈال دیا ہے لوگ ان ٹیکسوں کے بوجھ کو برداشت نہیں کر پا رہے ہیں۔ مہنگائی نے عام آدمی کی کمر توڑ کررکھ دی ہے لوگ اس پریشانی میںخودکشیوں پر مجبور ہوگئے ہیں دن بدن حالات بہتری کی بجائے بگڑتے جارہے ہیں انہوںنے کہاکہ ان نازک حالات اور کرپشن سے نجات کا واحد راستہ ’’ری کال الیکشن‘‘ ہے ایسا قانون جو کہ سینیٹ اور قومی اسمبلی سے منظور کرایا جائے اور اسے 1973ء کے آئین کا حصہ بنایا جائے جس کے تحت کوئی بھی رکن اسمبلی یا عوامی نمائندہ جو کرپشن کرتا ہے اور اس پر کرپشن ثابت ہوتی ہے اس کے حلقہ انتخاب میں ری کال الیکشن کے ذریعے محب وطن اور ایماندار نمائندے کا انتخاب عمل میںلایا جائے اور کرپٹ نمائندے کو تاحیات نااہل قرار دے کر اسے قید و بند کی سزا دی جائے۔

جب قانون حرکت میںآئے گا تو کسی کو جرات نہیں ہوگی کہ وہ کرپشن کرے انہوںنے کہا کہ کرپشن کے اس ناسور مرض سے نجات میں ہی ملک اور عوام کی ترقی و خوشحالی ہے۔ لوٹ مار کی سیاست کے خاتمے سے ملک میں جمہوریت بھی مضبوط ہوگی۔ تمام سیاسی جماعتوں کو ملک و عوام کے بہتر مفاد میں ری کال الیکشن کے قانون کے نفاذ پر سنجیدگی سے سوچنا ہوگا۔