آئین و قانون کی حقیقی حکمرانی کیلئے ’’تحریک تحفظ آئین ‘‘ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ‘ مسرت چیمہ

ْحکومت پر امن جمہوری جدوجہد کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے سے گریز کرے ‘ سینئر رہنما پی ٹی آئی

اتوار 14 اپریل 2024 11:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اپریل2024ء) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہجس ملک میں آئین کی پاسداری نہیں ہوتی اس کا کوئی مستقبل نہیں ہوتا، آئین پر عمل ہوگا توخوشحالی ہوگی اور عوام کے حقوق کاتحفظ ہوسکے گا۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور ہم خیال جماعتوں نے ملک میں آئین و قانون کی حقیقی حکمرانی کیلئے ’’تحریک تحفظ آئین ‘‘ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے جمہوری جدوجہد کریں گے اس لئے حکومت کسی بھی طرح کی رکاوٹیں ڈالنے سے گریز کرے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم پر امید ہیں کہ عوام بھی ہماری پر امن جدوجہد کا حصہ بنیں گے اور فروری میں ہونے والے انتخابات کے نتائج کے حوالے سے ایک بار پھر اپنی واضح رائے کا اظہار کریں گے ۔ انہوںنے کہا کہ ’’تحریک تحفظ آئین ‘‘کی رابطہ کمیٹی تشکیل دی جارہی ہے، تحریک کے تحت ملک بھر میں پر امن جلسے ہوں گے، اگلا اجلاس 29اپریل کولاہور ہوگا۔انہوں نے کہا کہ عوام سے اپیل ہے کہ وہ پر امن جمہوری جدوجہد میں شامل ہونے کیلئے پیشگی تیاریاں شروع کریں۔