Live Updates

پنجاب کو سندھ نہیں بننے دیں گے ، نقل مافیا کو ہر صورت لگام ڈالیں گے ‘رانا سکندر حیات

کالی بھیڑوں کے لئے کوئی رعایت نہیں ،محکمے کیقابل افسران کو آگے لیکر آئیں گے‘وزیر تعلیم پنجاب

اتوار 14 اپریل 2024 17:50

پھولنگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اپریل2024ء) وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات خان نے کہا ہے کہ پنجاب کو سندھ نہیں بننے دیں گے ، نقل مافیا کو ہر صورت لگام ڈالیں گے ، کالی بھیڑوں کے لئے کوئی رعایت نہیں ،محکمے میں کام کرنے والے قابل افسران کو آگے لیکر آئیں گے، پروفامنس دیکھانے والے ٹیچرز اور سٹوڈنٹس کو گاڑیاں اور ایوارڈز دیں گے۔

انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ وہ تانگہ پر بیٹھ کر شہر سکول جایا کرتے تھے، استاد اتنا مارتے تھے کہ دس دس دن تک مار کے نشانات نہیں جاتے تھے اور اگر والد سے شکایت کرتے تو وہ بھی استاد کے حمایتی ہوتے تھے لیکن اب وقت بدل چکا ہے اور میں محبت کا قائل ہوں اس لیے تشدد کو ہرگز برداشت نہیں کروں گا۔انکا کہنا تھا کہ محکمہ تعلیم کے جو افسران یا ہیڈز خود کو قابل سمجھتے ہیں آئیں وہ امتحان دیں، ہم انہیں سی ای او ایجوکیشن کی پوسٹ اور دیگر اہم عہدوں پر لیکر آئیں گے تاکہ تعلیمی میدان میں بہتری کے لیے وہ بھرپور کردار ادا کر سکیں، اسی طرح سکولز کی گرانٹ 50لاکھ جبکہ ہائی سکینڈری سکول کی ایک کروڑ تک کررہے ہیں تاکہ سکولوں میں تمام تر سہولیات فراہم ہوسکیں۔

(جاری ہے)

وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا کہ ٹیچرز کے مطالبات پر کام کررہے ہیں اور احتجاج کے لیے استاد کو روڈ پر ہرگز نہیں آنا چاہیے کیونکہ استاد کے آنے پر دنیا میں دیکھا کہ جوڈیشری، پولیس کھڑے ہو جایا کرتے ہیں اور استاد کا معاشرے میں بہت بڑا مقام ہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق نقل مافیا کو چیلنج کرتا ہوں کہ انہیں ہر صورت لگام ڈالوں گا اور پنجاب کو سندھ نہیں بننے دیں گے اور اس سے یقینا غریب کا بچہ بھی میرٹ پر آگے آئے گا۔

ایک سوال کے جواب میں انکا کہنا تھا کہ ایس ایچ او سٹی پتوکی محمد اسلم بھٹی جرائم کے خاتمے کے لیے بہت متحرک ہیں اور وہ انتہائی اچھا کام کررہے ہیں ۔رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ جب وہ ضلعی چیئرمین تھے تو پوری کی پوری تنخواہ پولیس شہدا فنڈز میں جمع کرواتے رہے اور وہ ایماندار آفیسر کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں لیکن کالی بھیڑوں کے لئے انکے پاس کوئی رعایت نہیں ہے۔انکا مزید کہنا تھا کہ پتوکی میں سیوریج کے نکارہ سسٹم اور لوگوں کی پریشانی سے وہ باخوبی آگاہ ہیں اور وہ 3ماہ کے اندر اندر سیوریج مسائل کو حل کرکے شہریوں کی پریشانی دور کریں گے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات