خیبر پختونخوا کی موجودہ حکومت صوبے کی عوامی مسائل حل کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے،پختونیا رخان

حکومت نے صوبے میں میرٹ کی بالادستی قائم کرکے کرپشن، لوٹ مار اور اقرباپروری کا دروازہ بند کر دیا ہے،وزیرپبلک ہیلتھ خیبرپختونخوا

اتوار 14 اپریل 2024 18:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اپریل2024ء) خیبرپختونخوا کے وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ملک پختونیار خان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کی موجودہ حکومت صوبے کی عوامی مسائل حل کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ موجودہ صوبائی حکومت نے صوبے میں میرٹ کی بالادستی قائم کرکے کرپشن، لوٹ مار اور اقرباپروری کا دروازہ بند کر دیا ہے جبکہ مستقبل میں کرپشن اور لوٹ مار کے خلاف ایک مضبوط بند باندھ دیاہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بنوں کے مختلف علاقوں میں غم و خوشی کی تقریبات میں شرکت کے موقع پر کیا اس موقع پر سیاسی و سماجی شخصیت حاجی ملک محمد اللہ داوڑ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ پختونیار خان نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں کے برعکس پی ٹی آئی کی حکومت نے عوام کی فلاح و بہبود پر توجہ دی ہے اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے مثبت اقدامات اٹھا رہی ہے سرکاری اداروں میں تقرریاں سفارش پر نہیں بلکہ خالصتا میرٹ پر ہوں گی اور صوبے میں روزگار فراہمی کے لیے بہترین ٹیسٹنگ سروس ادارے اور جدید اصلاحاتی نظام رائج کیا ہے جس سے تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں میں کافی بہتری متوقع ہے حکومت نے صوبے کے غریب عوام کے لئے ہیلتھ کارڈ کا اجراء کیا ہے جس سے سابقہ فاٹا کے ایک کثیر تعداد میں عوام مستفید ہو رہے ہیں جس کی بدولت خیبر پختونخوا ملک کے دیگر صوبوں کے لئے رول ماڈل صوبہ بنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کے تمام جائز مسائل بتدریج حل کئے جارہے ہیں اور حکومتی اقدامات اور پالیسیوں کا یہ تسلسل جاری رہے گا اور تمام پسماندہ اور دور افتادہ علاقوں کے عوام بھی پرسکون زندگی بسر کر سکیں۔