ٴلاہور پولیس کے اتوارکے روز گرجا گھروں، پارکوں اور تفریحی مقامات کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات

اتوار 14 اپریل 2024 19:10

گ لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 اپریل2024ء) لاہور پولیس کی جانب سے اتوارکے روزشہر کے گرجا گھروں، پارکوں اور تفریحی مقامات کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے۔ اس حوالے سے لاہور پولیس کی ٹیموں نے ہائی الرٹ ہو کرشہر کی سکیورٹی فرائض انجام دیئے۔ یہ بات کیپٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور بلال صدیق کمیانہ نے آج یہاں جاری اپنے بیان میں کہی۔

انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس نے اتوار کے روز گرجا گھروں میں دعائیہ تقریبات، پارکوں اور تفریحی مقامات کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی۔سی سی پی او لاہور نے بتایا کہ صوبائی دارالحکومت کی مسیحی عبادت گاہوں، پارکوں واہم مقامات کے گرد سرچ اینڈ سویپ آپریشنز جاری رہے۔انہوں نے کہا کہ سپروائزری افسران گرجا گھروں اور تفریحی مقامات کے سکیورٹی انتظامات کی خود مانیٹرنگ کرتے رہے۔

(جاری ہے)

بلال صدیق کمیانہ نے بتایا کہ حساس گرجا گھروں پر پولیس کی اضافی نفری اور سنائپرز تعینات کئے گئے تھے جبکہ ڈولفن سکواڈ، پولیس ریسپانس یونٹ اور ایلیٹ فورس کی ٹیمیں گرجا گھروں اور پارکوں کے گرد موثر پٹرولنگ کرتی رہیں۔اس کے ساتھ ساتھ ٹریفک پولیس لاہورکی جانب سے گرجا گھروں اور تفریح گاہوں کے اطراف ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا گیا۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ لاہو پولیس کی جانب سے شہر کی داخلی و خارجی چیک پوسٹوں پر آنے جانے والے افراد اور گاڑیوں کی سخت چیکنگ کی گئی اور سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات پولیس افسران اور جوان انتہائی الرٹ رہ کر ڈیوٹی انجام دیتے رہے۔