ڑ*اسماعیل ہنیہ کے بیٹوں کی شہادت جنگ آزادی کا سنگ میل ہے :قاری اعظم حسین

ٌفلسطین کے مسلمانوں کی جدوجہد اور شہادتوں نے اسلامی تاریخ کے قرون اولی کی یادیں تازہ کر دی ٓبیٹوں اور پوتوں کی شہادت پر اسماعیل ہنیہ کے صبرو استقامت پر ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں

اتوار 14 اپریل 2024 19:10

_ لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 اپریل2024ء) جمعیت علما اسلام( س) لاہور کے امیر ومرکزی سالار مولانا قاری اعظم حسین نے کہا ہے کہ اسماعیل ہنیہ کے بیٹوں کی شہادت جنگ آزادی کا سنگ میل ہے،فلسطین کے مسلمانوں کی جدوجہد اور شہادتوں نے اسلامی تاریخ کے قرون اولی کی یادیں تازہ کر دی،بیٹوں اور پوتوں کی شہادت پر اسماعیل ہنیہ کے صبرو استقامت پر ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

ان خیالات کااظہارانہو ں نے امیر مولانا پیر عبدالقدوس نقشبندی ،ناظم اعلی مولانا ایوب خان، ڈپٹی سیکرٹری پیر اکبر ساقی، لاہور کے ناظم اعلی مولانا طیب عثمانی، نائب امیر مولانا صلاح الدین ایوبی، قاری واحد بخش، قاری رحمت اللہ لاشاری، انجینئر خالد ٹیپو، عبد الحمید تو نسوی، مولانا محمد ممتاز، مولانا توقیر عباس سمیت دیگر رہنما ئوں سے گفتگو کر تے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہاکہ فلسطین کے قائدین اور عوام بھی خراج تحسین کے مستحق ہیں جو اللہ کے حکم کے نفاذ اور اس کی کبریائی کو قائم کرنے کے لئے اپنے جوانوں کی شہادتیں اللہ کے حضور پیش کر کے مطمئن اور ثابت قدم ہیں۔تحریک حماس کی مزاحمت پوری دنیا کے مسلمانوں کے لئے ایک واضح پیغام ہے کہ مظلوموں کی حمایت کے لیے ظالموںکے خلاف صف آرا ہو جائیں اور ہر طرح کی قر بانیاں پیش کرنے کے لئے خود کو تیارکریں، اسماعیل ہنیہ کے اہل خانہ کی شہادت سے یہ ثابت ہوگیا کہ امت کے حقیقی قائدین اگلے دستے میں رہ کر رہنمائی کا فریضہ سرانجام دیتے ہیں۔