Live Updates

عمران خان اور دیگر قیادت کے خلاف کیسز میں کچھ بھی نہیں ہے،عمر ایوب

دوران عدت نکاح کیس میں کچھ نہیں ہے، حکومتی وکیل مسلسل عدالت سے بھاگ رہے ہیں،اسلام آباد ڈسٹرکٹ کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 15 اپریل 2024 14:35

عمران خان اور دیگر قیادت کے خلاف کیسز میں کچھ بھی نہیں ہے،عمر ایوب
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15 اپریل2024 ء) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا کہنا ہے کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور دیگر قیادت کے خلاف کیسز میں کچھ بھی نہیں ہے،دوران عدت نکاح کیس میں کچھ نہیں ہے، حکومتی وکیل مسلسل عدالت سے بھاگ رہے ہیں۔اسلام آباد ڈسٹرکٹ کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں عمر ایوب کامزید کہنا تھا کہ کیسز میں ہمارے خلاف کچھ نہیں ہے اس لئے عدالتوں میں دوران سماعت وقفہ کردیا جاتا ہے۔

بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی سمیت تمام قیادت کے کیسز میں کچھ نہیں ہے، پراسیکیوشن اس کیس سے بھاگ رہی ہے، عدت نکاح کیس میں صبح سے دو دفعہ وقفہ کیا گیا ہے لیکن کیس میں کچھ ہے نہیں۔ عید سے ایک دن پہلے پراسیکیوٹر نے اچھی سٹیٹمنٹ دی تو ان کو تبدیل کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سائفر کیس ریت کے ڈھیلے کی طرح بہہ گیا ہے، حکومت کو مان لینا چاہیے کہ ان کا نشانہ صرف بانی پی ٹی آئی تھے۔

حکومت کا مقصد بانی پی ٹی آئی عمران خان کو نشانہ بنانا تھا۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر بوگس کیسز بنائے گئے، عمران خان، شاہ محمود قریشی سمیت دیگر رہنماو¿ں کو جیل میں ڈالا گیا۔ہائیکورٹ کے 6 ججز کا خط ہمارے سسٹم پر چارج شیٹ ہے۔ ہم بار بار کہہ چکے ہیں کہ 9 مئی واقعات کی تحقیقات کےلئے آزاد کمیشن بنایا جائے اور سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے لائی جائے۔

پی ٹی آئی رہنما کامزید کہنا تھا کہ اپوزیشن الائنس کا موقف آئین اورقانون کا تحفظ ہے۔موجودہ حکومت فارم 47کے بیساکھیوں پر آئی ہے۔ قانون پرعمل ہوگاتوسرمایہ کاری بھی سامنے آئی گی۔قبل ازیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں عدت میں نکاح کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت کے دوران سیشن جج نے ریمارکس دئیے کہ خاور مانیکا کے وکیل دلائل دینے سے کیوں ڈر رہے ہیں؟۔بار بار طلبی کے باوجود بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا کے وکیل راجہ رضوان عباسی پیش نہیں ہوئے۔سیشن جج شاہ رخ ارجمند نے ریمارکس دئیے کہ عباسی صاحب دلائل دینے سے کیوں ڈر رہے ہیں؟ آج وہ نہیں آئیں گے تو ہم درخواست پر فیصلہ کردیں گے۔
Live بشریٰ بی بی سے متعلق تازہ ترین معلومات