سول سیکرٹریٹ کی تعمیر میں مزید تاخیر نہ کی جائے،سیکرٹری سروسز امجدشعیب خان ترین

پیر 15 اپریل 2024 17:06

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2024ء) سیکرٹری سروسز جنوبی پنجاب انجینئر امجد شعیب خان ترین نے کہاہے کہ سول سیکرٹریٹ کی تعمیر میں مزید تاخیر نہ کی جائے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے سول سیکرٹریٹ منصوبے کی تکمیل کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ڈپٹی سیکرٹری عبدالصبور ٹھاکر، سیکشن آفیسر ریاض خان،ایکسین میپکو فرقان ذکریا اور ڈائریکٹر پی ایچ اے عدنان بٹ اورآئی ڈیپ کے پراجیکٹ ڈائریکٹر وقار حلیم ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے ۔

اس موقع پرمنیجرمحمد عذیرنے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ سیکرٹریٹ کی تزئین و آرائش کا کام تیزی سے جاری ہے،آفس فرنیچر کی تر سیل جلد شروع کردی جائے گی،مارکیٹ میں سولر پینل کی قیمتیں کم ہونے کی وجہ سے سولر سسٹم کا تخمینہ دوبارہ تیار کیاجارہا ہے،سول سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب کی زیر تعمیر بلڈنگ میں شفٹنگ کی تیاریاں شروع کردی گئیں ہیں ۔

(جاری ہے)

سیکرٹری سروسز جنوبی پنجاب انجینئر امجد شعیب خان ترین نے نئی بلڈنگ میں منتقل ہونے کا گرین سگنل دیتے ہوئے بتایاکہ ا یڈیشنل چیف سیکرٹری بہت جلد جی او آر منتقل ہوجائیں گے،دوسرے مرحلے میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری کا آفس شفٹ کیا جائے گا۔انہوں نے ہدایت کی کہ آئی ڈیپ اے سی ایس آفس بلاک کی تزئین و آرائش کا کام دو ہفتوں کے اندر مکمل کرے۔انہوں نے کہاکہ دفاتر میں پہلے سے زیر استعمال فرنیچر کے پیش نظر نئے فرنیچر کی تعداد کا تعین کیا جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ پی ایچ اے سول سیکرٹریٹ کی لینڈ سکیپنگ کا کام اسی ہفتے شروع کرے،آئی ڈیپ سول سیکرٹریٹ کے مختلف بلاکس کی حوالگی بارے ٹائم لائن فراہم کرے۔انجینئر امجد شعیب خان ترین نے بتایاکہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری سائوتھ پنجاب دفاتر کی سیکرٹریٹ میں جلد منتقلی کے خواہاں ہیں، سیکرٹری سروسز سول سیکرٹریٹ کی تعمیر میں مزید تاخیر نہ کی جائے ۔سیکرٹری سروسزنے سیکرٹریٹ سائٹ کا بھی دورہ کیا اورمنصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔

متعلقہ عنوان :