لاہورہائیکورٹ ، فواد چودھری کیخلاف مقدمات کی تفصیلات کی فراہمی کیلئے آئی جی پنجاب کو تفصیلی جواب داخل کرانے کا حکم

پیر 15 اپریل 2024 17:26

لاہورہائیکورٹ ، فواد چودھری کیخلاف مقدمات کی تفصیلات کی فراہمی کیلئے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2024ء) لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے فواد چودھری کیخلاف مقدمات کی تفصیلات کی فراہمی کیلئے درخواست پر آئی جی پنجاب پولیس کو آج تفصیلی جواب داخل کرانے کا حکم دے دیا۔دوران سماعت عدالت نے آئی جی پنجاب کو حکم دیا کہ آپ ہمیں تفصیلی جواب دیں کہ ملزم آپ کے پاس جیل میں تھا تو پھر کیوں تفتیش نہیں کی گئی؟لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے فواد چودھری کی درخواست پر سماعت کی،جس میں مقدمات کی تفصیلات فراہم نہ کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

پیر کو عدالتی حکم پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سی سی پی او لاہور اور دیگر پولیس افسران کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ فواد چوہدری اپنے وکیل احسن بھون کے ہمراہ پیش ہوئے،عدالت نے آئی جی پنجاب سے استفسار کیا کہ بتایا جائے کہ ملزم کتنے مقدمات میں مطلوب ہے،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے عدالت کو بتایا کہ ہمارے تفتیشی افسران قانون کے مطابق تفتیش کر رہے ہیں،اس سلسلے میں ہم نے مختلف جے آئی ٹیز بنائی ہیں،عدالت نے کہا کہ آپ کل منگل کو تفصیلی جواب جمع کرائیں،دو رکنی بینچ نے مزید سماعت کل منگل تک ملتوی کرتے ہوئے آئی جی پنجاب کو جواب سمیت دوبارہ طلب کرلیا۔