Live Updates

جو ہار بیچنے پر سزا ہوئی وہ آج بھی ہمارے پاس موجود ہے، ترجمان بشریٰ بی بی

پیر 15 اپریل 2024 19:30

جو ہار بیچنے پر سزا ہوئی وہ آج بھی ہمارے پاس موجود ہے، ترجمان بشریٰ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2024ء) بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ترجمان مشعال یوسفزئی نے دعویٰ کیا ہے کہ توشہ خانے کا جو ہار بیچنے پر سزا ہوئی وہ آج بھی ہمارے پاس ہے۔ایک انٹرویومیں انہوںنے کہاکہ توشہ خانہ کیس ایک ہار کے اوپر چل رہا ہے۔مشعال یوسفزئی نے کہا کہ کہا جارہا ہے کہ ہار کی قیمت 300 کروڑ ہے، ان بیچاروں کو معلوم نہیں کہ ہار آج بھی ہمارے پاس موجود ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان بشریٰ بی بی نے کہا کہ ہم عدالت میں وہ ہار پیش کرنا چاہ رہے ہیں، ہار تحفے میں ملا تو ملٹری سیکرٹری بنی گالہ لائے، بانی پی ٹی آئی نے کہا اس ہار کو توشہ خانہ میں جمع کروائیں۔انہوںنے کہاکہ ہار توشہ خانہ میں جمع ہونے کے بعد قیمت دے کر حاصل کیا گیا، اس ہار کی اصل قیمت ایک کروڑ روپے کے قریب بنتی ہے، انہوں نے ہار کی قیمت 300 کروڑ کر کے بانی پی ٹی آئی اور اہلیہ پر مقدمہ کیا۔مشعال یوسفزئی نے کہا کہ ہار اڈیالہ نہیں آنے دیا گیا اور آج بھی وہ ہمارے پاس موجود ہے۔ ان کی گیم ان پر ہی آن پڑی ہے۔
Live بشریٰ بی بی سے متعلق تازہ ترین معلومات