ماہ اپریل میں لاہور پولیس آپریشنز ونگ کی جرائم کے خلاف تادیبی کارروائیاں جاری،73گینگز کے173ممبران گرفتار کئے

پیر 15 اپریل 2024 21:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2024ء) ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سید علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ پولیس آپریشنز ونگ جرائم پیشہ افراد کے خلاف سرگرم عمل ہے اور ان کے خلاف تادیبی کاررائیاں کی جا رہی ہیں۔ سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ ماہ اپریل کے دوران آپریشنز ونگ پولیس نے ڈکیتی و چوری کی وارداتوں میں ملوث 73گینگز کے 173ممبران گرفتار کئے۔

ملزمان سے 1کروڑ53لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مال مسروقہ برآمد کیا گیا۔ برآمد ہونے والے سامان میں 112موٹر سائیکلیں،67موبائل فونز،5لاکھ23ہزار روپے نقدی،کار، رکشے و دیگر سامان شامل ہے۔ سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ رواں ماہ کے دروان اشتہاری و عادی مجرمان کے خلاف بھی بھرپور کریک ڈاؤن کیا گیا۔ دوران ریڈز159اشتہاری ملزمان،76عادی مجرمان اور509عدالتی مفروران گرفتار کئے گئے۔

(جاری ہے)

منشیات فروشوں کیخلاف کارروائیوں کے دوران 378مقدمات درج جبکہ383ملزمان گرفتار کئے گئے۔ ملزمان سے 260کلو گرام سے زائد چرس،1کلو155گرام آئس،580گرام ہیروئن، 3270لیٹر شراب برآمد کی گئی۔اسلحہ ایکٹ کی خلاف ورزی کرنیوالے 301ملزمان گرفتار ہوئے۔ ملزمان سے14رائفلز،15بندوقیں،269پسٹلزاور سینکڑوں گولیاں برآمد کی گئیں۔گداگروں کے خلاف کارروائیوں کے دوران 428ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔

ملزمان میں 418مرد اور10خواتین گداگر شامل ہیں۔ساؤنڈ سسٹم ایکٹ کی خلاف ورزی پر81مقدمات بھی در ج کئے گئے۔ پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر151ملزمان کوگرفتار کیا گیا۔کارروائیوں کے دوران1973پتنگیں اوردرجنوں پرخی و پنی ڈور برآمد کی گئی۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ لاہور پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لئے الرٹ ہے،قانون شکن عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی میں لاہور پولیس کا ساتھ دیں۔