Live Updates

صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق کی زیرصدارت پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی کا اجلاس

پیر 15 اپریل 2024 21:11

صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق کی زیرصدارت پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2024ء) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی کا اہم اجلاس منعقدہوا،جس میں سیکرٹری صحت علی جان خان، سپیشل سیکرٹریز سید واجد علی شاہ اور راجہ منصور احمد،ایڈیشنل سیکرٹریز زاہدہ اظہر اور ڈاکٹر حافظ شاہد لطیف، ڈپٹی سیکرٹریز کے علاوہ دیگر افسران نے وڈیو لنک کانفرنس کے ذریعے شرکت کی۔

اجلاس میں سی ای او پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر علی رزاق، سی ای او شمشاد علی خان،سی ایف او بلال بٹ، ڈائریکٹر پروکیورمنٹ محمد منیب، ڈائریکٹر آئی ٹی محمد خرم اقبال و دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے سرکاری ہسپتالوں میں صفائی ستھرائی، ویسٹ مینجمنٹ، ادویات کی فراہمی، ری ویمپنگ، نئے ایئر کنڈیشنز ز کی تنصیب و دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں ری ویمپنگ کا منصوبہ جنگی بنیادوں پر مکمل کر رہے ہیں،اسی طرح ہیلتھ انشورنس پروگرام میں مزید بہتری لا ئی جا رہی ہے،پنجاب کی عوام تک ہیلتھ انشورنس پروگرام کی سہولت بلا تعطل جاری رہے گی۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی میں ایک فیصد بھی تعطل برداشت نہیں کریں گے،سرکاری ہسپتالوں کے سربراہان صفائی ستھرائی کے انتظامات کو ہر قیمت پر یقینی بنائیں۔

وزیر اعلی پنجاب مریم نواز اپنے بزرگوں کی طرح عوام کی خدمت کرنا چاہتی ہیں،محکمہ صحت کی ایمرجنسی سروسز کی بہتری کیلئے بھی اقدامات اٹھا رہے ہیں،ایئر ایمبولینس سروس پنجاب کی عوام کیلئے سب سے بڑی اور پہلی سہولت ہو گی۔انہوں نے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود حکومت عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنا چاہتی ہے،لاہور میں ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ کینسر ہسپتال کسی خواب سے کم نہیں ہے،ہم سب مل کر نظام صحت کو بہتر بنائیں گے۔

سیکرٹری صحت علی جان خان نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز اور وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کے ویژن کے مطابق سرکاری ہسپتالوں میں ایس او پیز پر عملدرآمد کروا رہے ہیں،وزیر اعلی پنجاب کو اگلے پانچ سال کا پلان پہلے ہی پیش کر چکے ہیں،نظام صحت کی بہتری کیلئے اصلاحات لا رہے ہیں،ہماری تمام تر کوششوں کا بنیادی مقصد عوام کوبہترین طبی سہولیات فراہم کرنا ہیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات