مستونگ لاپتہ عبدالطیف کی بحفاظت بازیابی کے لئے کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ بلاک

کئی گھنٹوں تک قومی شاہراہ بند رہی اور ٹریفک معطل رہنے سے سڑک کی دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں

پیر 15 اپریل 2024 21:22

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اپریل2024ء) مستونگ کے علاقے میں لاپتہ عبدالطیف کے اہلخانہ ، عزیز و اقارب اور علاقہ مکینوں نے اس کی بحفاظت بازیابی کے لئے کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ کو بلاک کردیا جس سے کئی گھنٹوں تک قومی شاہراہ بند رہی اور ٹریفک معطل ہونے کی وجہ سے سڑک کی دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں جس کی وجہ سے ٹرانسپورٹروں اور مسافروں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا لاپتہ افراد کے لواحقین نے گزشتہ روز ان کی بازیابی کے لئے کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ کو شمس آباد کراس کے مقام پر بلاک کرکے دھرنا دیادھرنے میں خواتین، بچوں کی بڑی تعداد بھی شریک تھیں۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ عبدالطیف سمیت دیگر لاپتہ افراد کو بازیاب کرایا جائے ہم نے متعدد بار ان کی بازیابی کے لئے پر امن احتجاج کیا لیکن انتظامیہ کی جانب سے ہر بار مذاکرات کی کامیابی کی کوشش کی جاتی ہے انتظامیہ کی جانب سے بار بار مذاکرات کی کوشش ناکام ہونے اور روڈ بلاک رہنے سے سڑک کے دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیںاور سینکڑوں گاڑیاں اور ہزاروں مسافر پھنس گئے جس کی وجہ سے مسافروں اور ٹرانسپورٹروںکو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا دھرنے کے شرکاء کا کہنا ہے کہ ہمارے لاپتہ افراد کو فوری طور پر بازیاب کرایا جائے ہمیں احتجاج میں ہر بار یقینی دہانی کرائی جاتی ہے مگر ہمارے لاپتہ افراد منظرعام پر نہیں لائے جاتے جس کی وجہ سے ہمیں شدید ذہنی اذیت اور کوفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے جب تک ہمارے لاپتہ افراد کو بازیاب کرکے منظر عام پر نہیں لایا جاتا ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

کئی گھنٹوں تک احتجاج کی وجہ سے روڈ بلاک ہونے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا آخری اطلاعات آنے تک روڈ بند تھا۔