کیچ میں 42 ڈینگی کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ، محکمہ صحت

تمام کونسلران سے درخواست کی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے اپنے علاقوں میں کھڑے پانی کو ختم کروائیں

پیر 15 اپریل 2024 22:09

تربت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اپریل2024ء) بلوچستان کے علاقے تربت اور کیچ میں ڈینگی کے مزید 42 کیسز سامنے آگئے محکمہ صحت کی جانب سے حفاظتی انتظامات کے لئے اقدامات اٹھائے گئے۔ محکمہ صحت کیچ کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ 14 اپریل کو 198 ڈینگی ٹیسٹ کئے گئے جس میں مزیذ 42 ڈینگی کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، تمام کونسلران عوام کو تاکید کریں کہ وہ گھروں میں پانی کی ٹینکیوں کو خالی کرکے انہیں صاف کریں اور علماء کرام نماز کے بعد خصوصی اعلانات کریں۔

اور فوری طور پر اپنے اپنے علاقوں میں کھڑے پانی کو ختم کروائیں اور پینے کے پانی کی ٹینکیوں کو ایک بار ضرور خالی کرکے انہیں صاف کروائیں اور پھر انہیں کپڑے سے یا کسی اور طریقے سے ڈھانپ لیں۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ جوسک اور آبسر میں دو راونڈ کے بعد آج پھر تیسرے رائونڈ میں میونسپل کمیٹی کے تعاون اور ذریعے سے اسپرے کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

علماء کرام سے درخواست کی ہے کہ وہ ہرنماز کے بعد ڈینگی کے حوالے سے عوام کو خصوصی آگاہی دیں۔

ڈینگی کے مریضوں کو تاکید کی ہے کہ ڈاکٹر انہیں ہسپتال میں داخل ہونے کو کہے تو فوری داخل ہوجائیں اور اگر گھر جانے کو کہے تو گھر میں مکمل طور پر مچھر دانی میں آرام کریں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے گھروں میں مچھر مار اسپرے کریں اور خاص کر پردوں اور فرنیچر کے نیچے خاص کراسپرے کیا جائے۔