&جیل ٹرائل کے فیصلے کیخلاف سینیٹر اعجاز چوہدری کی درخواست پر وفاقی حکومت سے تفصیلی جواب طلب

پیر 15 اپریل 2024 20:35

Qلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اپریل2024ء) لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے جیل ٹرائل کے فیصلے کیخلاف پی ٹی آئی سینیٹر اعجاز چوہدری کی درخواست پر وفاقی حکومت سے تفصیلی جواب طلب کر لیا۔ عدالت نے جیل ٹرائل کے گزٹ نوٹیفکیشن کی رپورٹ طلب کر لی۔

(جاری ہے)

عدالت نے کہا کہ بتایا جائے کہ صرف ایک کیس میں ہوا یا تمام کیسوں میں جیل ٹرائل ہوا ہے۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ نو مئی واقعات کے تھانہ شادمان اور تھانہ سرور کے کیسوں میں گرفتار کیا گیا، انسداد دہشت گردی عدالت نے قانونی تقاضے پورے کئے بغیر جیل ٹرائل کا حکم سنایا، ٹرائل کورٹ کا جیل ٹرائل کا فیصلہ بنیادی حقوق کے خلاف ہے، عدالت جیل ٹرائل کا فیصلہ کالعدم قرار دے، استدعا ہے کہ عدالت اوپن کورٹ میں درخواست گزار کے ٹرائل کا حکم دے۔