راولپنڈی ٹریفک پولیس نے ڈبل روڈ کرکٹ سٹیڈیم کیلئے پارکنگ و ٹریفک کو متبادل راستوں پرمشتمل جامع اور منظم ٹریفک پلان جاری کر دیا

پیر 15 اپریل 2024 20:55

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2024ء) راولپنڈی ٹریفک پولیس نے ڈبل روڈ کرکٹ سٹیڈیم میں 16 اپریل تا 21 اپریل ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میچ سیریز کے حوالے سے شہریوں اور شائقین کرکٹ کی سہولت کیلئے جامع اور منظم ٹریفک پلان جاری کر دیا ۔ٹریفک پولیس کے 367 افسران و جوان تعینات ۔ دوران میچز و موومنٹ ٹریفک کو متبادل راستوں پر رواں دواں رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی تیمور خان کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈ ی نے 16 اپریل تا 21 اپریل 2024 ڈبل روڈ کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں ہونے والے ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ سیریز پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ کے میچز کے دوران شہریوں کو ٹریفک کی بہترین سہولیات فراہم کرنے ، پارکنگ و ٹریفک کو متبادل راستوں پر رواں دواں رکھنے کے حوالے سے جامع اور منظم ٹریفک پلان جاری کر دیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی تیمور خان کا کہنا تھا کہ ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ سیریز کے دوران ٹریفک پولیس کے 367 سے زائد افسران و جوان سپیشل ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے جن میں07ڈی ایس پیز/سرکل انچارجز،40 انسپکٹر، 318 ٹریفک وارڈنز و ٹریفک اسسٹنٹس شامل ہیں ۔ دوران میچز و کرکٹ ٹیموں کی موومنٹ کے دوران ٹریفک کو متبادل راستوں پر رواں رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کرتے ہوئے اضافی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

شائقین کرکٹ کی سہولت کیلئے تین جگہوں پر پارکنگ کی سہولیات فراہم کی گئی ہے جن میں سول ایویشن گراونڈ شاہین چوک، شہباز شریف پارک نزد شاہین چوک اور گورنمنٹ ڈگری کالج سیٹلائیٹ ٹاون شامل ہے۔کرکٹ ٹیموں کی سٹیڈیم تک آمد اور واپسی کے وقت مری روڈ کو فیض آباد سے ڈبل روڈ تک مکمل طور پر بند کیا جائے گا اس دوران اسلام آباد سے آنے والی ٹریفک کو فیض آباد سے ایکسپریس وے کی جانب ڈائیورٹ کیا جائے گاجبکہ راولپنڈی سے اسلام آباد جانے والی ٹریفک براستہ 6thروڈ سید پورروڈ کا استعمال کرتے ہوئے اسلام آبادداخل ہو سکے گی جبکہ غوثیہ چوک سے آنے والی ٹریفک کو براستہ فاروق اعظم روڈ، کری روڈ کی طرف موڑا جائے گا۔

دوران میچ اسٹیڈیم روڈ 9thایونیو چوک سے ڈبل روڈ تک دونوں اطراف ٹریفک کیلئے مکمل طور پر بند ہو گی۔ اس دوران اسلام آباد9thایونیو سے آنے والی ٹریفک براستہ فیض آباد ایکسپریس وے اور IJPروڈ سے پنڈورہ چونگی ، کٹاریاں، کیرج فیکٹری ، پرودھائی موڑ ،چک مدد سے راولپنڈی میں داخل ہو سکے گی جبکہ راولپنڈی سے ڈبل روڈ 9thایونیواسلام آباد جانے والی ٹریفک براستہ مری روڈ فیض آباد اسلام آباد داخل ہو سکے گی ۔

اس مو قع پر چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی تیمور خان کا کہنا تھا کہ دوران میچ شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کو متبادل راستوں پر رواں دواں رکھنے کیلئے راولپنڈی کی اہم شاہراہوں پرمتبادل راستوں اور پارکنگ کے حوالے سے آگاہی بینرز بھی آویزاں کیے جائیں گے تا کہ شہری اس سے بھر پور استفادہ کریں۔ ٹریفک پولیس کے آفیشل سوشل میڈیا پیجز اور ریڈیو اسٹیشن 88.6کے ذریعے بھی شہریوں کو ڈائیورشن پوائنٹس اورٹریفک صورتحال کے متعلق بھی لمحہ با لمحہ آگاہی فراہم کی جائے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی بلا رکاوٹ روانی کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے ۔ٹیموں کی سکیورٹی اور شہر میں ٹریفک کی بلا تعطل روانی سکیورٹی اداروں و ٹریفک پولیس سے زیادہ شہریوں کے تعاون سے مشروط ہے۔