کیچ میں مزید 42افراد میں ڈینگی کی تصدیق

رواں ہفتے ڈینگی بخار کا شکار ہونے والوںکی تعداد 406ہوگئی

پیر 15 اپریل 2024 21:10

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2024ء) بلوچستان کے ضلع کیچ میں مزید 42افراد میں ڈینگی کی تصدیق رواں ہفتے ڈینگی بخار کا شکار ہونے والوںکی تعداد 406ہوگئی ۔محکمہ صحت بلوچستان کے مطابق گزشتہ روز کیچ میں198 افراد کے ڈینگی ٹیسٹ کئے گئے جن میں مزید 42 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد 7روز کے دوران ڈینگی وائرس کا شکار ہونے والوں کی تعداد 406ہوگئی ہے ۔

(جاری ہے)

محکمہ صحت نے تمام کونسلران سے درخواست کی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے اپنے علاقوں میں کھڑے پانی کو ختم کروائیں اور پینے کے پانی کے ٹینکیوں کو ایک بار ضرور خالی کروائیں اور انہیں صاف کروائیں اور پھر انہیں کپڑے سے یا کسی اور طریقے سے ڈھانپ لیں۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ جوسک اور آبسر میں دو راونڈ کے بعد ایک بار پھر تیسرے راوئنڈ میں میونسپل کمیٹی کے تعاون اور ذریعے سے اسپرے کیا جائے گا۔

اعلامیہ میں ڈینگی کے مریضوں کو تاکید کی گئی ہے کہ اگر ڈاکٹر انہیں ہسپتال میں داخل ہونے کو کہے تو فوری داخل ہوجائیں اور اگر گھر جانے کو کہے تو گھر میں مکمل طور پر مچھر دانی میں آرام کریں۔ اعلامیہ میں عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے گھروں میں مچھر مار اسپرے کریں اور خاص کر پردوں اور فرنیچر کے نیچے ضرور اسپرے کریں ۔