دیہاتوں میں جانوروں کی ہسپتالیں فعال رکھیں تاکہ عوام فائدہ اٹھاسکیں، سید نجمی عالم

پیر 15 اپریل 2024 23:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2024ء) وزیراعلی سندھ کے صوبائی مشیر برائے لائیو اسٹاک سید نجمی عالم نے لاڑکانہ کے دورے کے اختتامی روز محکمہ لائیو اسٹاک کے لاڑکانہ دفتر کا دورہ کیا اور ریجنل آفیس لاڑکانہ کے دفتر میں منعقد اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سندھ کی تمام تحصیلوں کے نامزد ہاٹ اسپاٹس میں ویکسی نیشن کرنے کی ہدایت کی۔

پیر کے روز یہاں جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق انہوں نے افسران کو ہدایت کی گائوں کی سطح پر ویکسین کی افادیت جانچنے کیلئے موبائل لیبارٹریز قائم کی جائیں اور دور دراز دیہات میں لائیواسٹاک سے متعلق ہر ممکن سہولیات دی جائیں اور دیہات میں جانوروں کی ہسپتالوں کو فعال رکھیں تاکہ عوام فائدہ اٹھاسکیں۔ انہوں نے تنبیہ کی کہ محکمہ مویشی اپنا تمام تر رکارڈ رکھے تاکہ کسی بھی وقت ضرورت پڑنے پر طلب کیا جائے گا اور جانوروں میں نمکیاتی آمیزہ کی افادیت سے متعلق عوام کو آگاہی دی جائے اس لئے کہ نمکیاتی آمیزہ کا استعمال مویشیوں کی پیداواری صلاحیت بڑھاتا ہے۔

(جاری ہے)

نجمی عالم نے بریڈنگ آفیس لاڑکانہ کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈی جی لائیو اسٹاک سے بریفنگ لی اور تمام جاری منصوبوں کا جائزہ لیا۔ نجمی عالم نے سب سیکتر لائیو اسٹاک لاڑکانہ کے دفتر بھی گئے، ڈپٹی ڈائریکٹر ہسبنڈری نے مشیر نجمی عالم کو سہولیات سے متعلق آگاہ کیا۔ صوبائی مشیر نجمی عالم نے محکمہ کی بریفنگ ، تمام جاری منصوبوں و عوامی سہولیات پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی سندھ سے بات کرکے محکمہ لائیو اسٹاک کی نئی عمارتوں کیلئے منظوری لیں گے اور وزیراعلی سندھ کو دورے سے متعلق آگاہ کرکے تاخیر کا باعث بننے والے اسکیموں کو جلد فعال کرائیں گے۔

اس موقع پر مشیر نجمی عالم کے ہمراہ ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک اینیمل ہسبنڈری لاڑکانو ڈاکٹر منصور علی جونیجو ، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو اسٹاک پروڈکشن السروسز لاڑکانہ ڈاکٹر رخسانہ منصور علی، ایڈیشنل ڈائریکٹر اینیمل ہسبنڈری لاڑکانہ ڈاکٹر محمد اعظم بروہی ، ڈائریکٹر اینیمل ہسبنڈری سندھ حیدرآباد ڈاکٹر حزب اللہ بھٹو اور دیگر متعلقہ حکام موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :