نیٹو کی ایران اور اسرائیل سےکشیدگی کم کرنے کی اپیل

منگل 16 اپریل 2024 08:50

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2024ء) نیٹو نے ایران اور اسرائیل سےکشیدگی کم کرنے کی اپیل کی ہے۔ العربیہ کے مطابق نیٹوکی ترجمان فرح دخل اللہ نے سوشل میڈیا ایکس پر اپنے بیان میں دونوں فریقین سے تحمل کرنے پر زور دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نیٹو اس صورت حال کا قریبی جائزہ لے رہا ہے ،مشرق وسطی میں کشیدگی کو قابو میں رکھنا اہمیت کا حامل ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ یکم اپریل کو دمشق میں ایرانی سفارت خانے پر فضائی حملے میں پاسداران انقلاب کے دو جرنیلوں سمیت 7 افراد ہلاک ہو گئے تھے جس کا الزام ایران نے اسرائیل پر لگاتے ہوئے اتنقامی کاروائی کی دھمکی دی تھی۔ دو روز قبل ایران نے اسرائیل پر ڈرونز،بیلسٹک اور اسکڈ میزائلوں سے حملے کرتے ہوئے فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی جنہیں اسرائیلی دفاعی نظام نے ناکام بنایا دیا تھا۔