پنجاب فوڈ اتھارٹی کی سیالکوٹ میں کارروائیاں،زائد المعیاد ،مضر صحت کولڈ ڈرنکس تلف،جرمانہ عائد

منگل 16 اپریل 2024 10:00

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2024ء) فوڈ سیفٹی ٹیموں نے سیالکوٹ کے مختلف علاقوں میں53فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی جن میں 11کو مجموعی طور پر 1لاکھ27ہزار روپے جرمانے عائدکئے گئے جبکہ ایک یونٹ کی پروڈکشن بند کروا دی گئی۔اس موقع پر55 لیٹر زائد المعیاد ، مضر صحت کولڈ ڈرنکس تلف کی گئیں۔ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق ریسٹورنٹس میں صفائی کے ناقص انتظامات اور کیڑے مکوڑے موجود تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ یہ کارروائیاں بدبودار فریزرز، کچن ایریا میں گندی دیواریں موجود ہونے پر عمل میں لائی گئیں۔ ملازمین کے میڈیکل سرٹیفکیٹس اور لازم ریکارڈ بھی موجود نہیں تھا۔انہوں نے بتایا کہ 32 پوائنٹس کو مزید بہتری کے لیے اصلاحی نوٹس جاری کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ عوام تک محفوظ خوراک کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔جعلساز مافیا کے خلاف مربوط کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ شہری خوراک میں ملاوٹ اور جعلسازی کے خاتمے کے لیے فوڈ اتھارٹی کا ساتھ دیں، کسی بھی شکایت کی صورت میں 1223پر اطلاع دیں۔

متعلقہ عنوان :