پی ایس ایل 10 کیلئے ’بہترین ممکنہ ونڈو‘ تیار کی جائے گی : محسن نقوی

چیمپئنز ٹرافی کے باعث آئندہ سال فروری مارچ میں ایونٹ کا انعقاد مشکل ہوگا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 16 اپریل 2024 11:36

پی ایس ایل 10 کیلئے ’بہترین ممکنہ ونڈو‘ تیار کی جائے گی : محسن نقوی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16 اپریل 2024ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے اگلے ایڈیشن کے لیے ’بہترین ممکنہ ونڈو‘ تیار کی جائے گی۔ محسن نقوی نے مزید کہا کہ پی سی بی جلد ہی پی ایس ایل 10 کے لیے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بات چیت کرے گا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ ایونٹ بین الاقوامی وعدوں سے متاثر نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ ’پی ایس ایل پاکستان کا برانڈ ہے اس لیے اسے اس کی اہمیت حاصل ہوگی۔ بین الاقوامی وعدوں کے ساتھ ساتھ پی ایس ایل 10 کا انعقاد ایک چیلنج ہوگا لیکن ہم اس کے لیے تیار ہیں‘۔ ذرائع کے مطابق پی ایس ایل کا اگلے سال انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سے ٹکراؤ ہوسکتا ہے۔ پی سی بی 2025ء میں پی ایس ایل کے انعقاد کے لیے تین ونڈوز پر غور کر رہا ہے لیکن ان میں سب سے آئیڈیل اپریل اور مئی میں آئی پی ایل سے ٹکراؤ ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے مزید کہا کہ پی سی بی آئی پی ایل کے ساتھ ساتھ لیگ کے انعقاد کے فوائد اور نقصانات پر غور کر رہا ہے۔ دوسری ونڈو فروری میں تین ہفتے کی ہے کیونکہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی وجہ سے مارچ میں ایونٹ کا انعقاد نہیں ہو سکتا، جس کی میزبانی پاکستان کرے گا۔ تاہم اس کا مقابلہ فروری میں پاکستان میں ون ڈے ٹرائنگولر سیریز سے ہوگا جس میں نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ بھی شامل ہیں۔ تیسری ونڈو ستمبر 2025ء میں ایشیاء کپ کے آس پاس ہے۔ اگلے سال پی ایس ایل کے لیے ونڈو پر مزید بحث آئندہ کونسل کے اجلاس میں ہوگی۔