جناح ہاؤس حملہ کیس میں خدیجہ شاہ کے وارنٹ گرفتاری منسوخ

پی ٹی آئی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ نے آئندہ ہر سماعت پر عدالت میں پیش ہونے کی یقین دہانی کرادی

Sajid Ali ساجد علی منگل 16 اپریل 2024 12:15

جناح ہاؤس حملہ کیس میں خدیجہ شاہ کے وارنٹ گرفتاری منسوخ
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 اپریل 2024ء ) عدالت نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں خدیجہ شاہ کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیئے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے سوشل میڈیا ایکٹوسٹ خدیجہ شاہ کے جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں ورانٹ گرفتاری منسوخ کردیئے، انسداد دہشت گردی عدالت کے ڈیوٹی جج ارشد جاوید نے کیس کی سماعت کی جہاں عدالت میں پیش ہونے کے باعث خدیجہ شاہ کے ورانٹ گرفتاری منسوخ ہوئے، اس موقع پر خدیجہ شاہ نے آئندہ ہر سماعت پر عدالت میں پیش ہونے کی یقین دہانی کرائی، جس پر عدالت نے 29 اپریل کو دوبارہ خدیجہ شاہ کو پیش ہونے کا حکم دیا۔

بتایا گیا ہے کہ خدیجہ شاہ کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے ان کے وارنٹِ گرفتاری جاری کیے تھے، جناح ہاؤس حملہ کیس میں پراسیکیوشن نے ملزمان کے خلاف چالان عدالت میں جمع کرا رکھا ہے، جناح ہاؤس حملہ کیس میں سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ اور پی ٹی آئی رہنماء سینیٹر اعجاز چوہدری سمیت 266 ملزمان نامزد ہیں۔

(جاری ہے)

بتاتے چلیں کہ 9 مئی کے واقعات کے الزام کے بعد کئی ماہ گرفتار رہنے کے بعد معروف فیشن ڈیزائنر خدیجہ شاہ کو ضمانت پر رہا کیا گیا ہے، خدیجہ شاہ پر9 مئی کے واقعات میں ملوث ہونے کے الزام ہے اور وہ پولیس ریمانڈ پر تھیں، خدیجہ شاہ کو راہداری ریمانڈ پر لاہور سے کوئٹہ منتقل کیا گیا جہاں 6 روزہ ریمانڈ پورا ہونے پر انہیں انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کرنا تھا لیکن انہیں عدالت میں پیش کرنے کی بجائے پولیس نے ضمانت پر رہا کردیا تھا۔

بعد ازاں معروف ڈیزئنر خدیجہ شاہ کو لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے عسکری ٹاور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں طلبی کے نوٹسز جاری کیے، اس حوالے سے انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج محمد نوید اقبال نے کیس کی سماعت کی ، جیل حکام کی جانب سے ڈاکٹر یاسمین راشد ،اعجاز چوہدری ،عمر سرفراز چیمہ سمیت دیگر کو پیش کیا گیا ، عدالت کو بتایا کہ عسکری ٹاور جلاؤ گھیراؤ کا مقدمہ تھانہ گلبرگ پولیس نے درج کررکھا ہے، جس پر عدالت نے شریک ملزمان کو طلبی کے نوٹسز جاری کردیئے تھے۔