کراچی میں ٹیکسی ڈرائیور کی امریکی نژاد لڑکی سے زیادتی کی کوشش، ملزم گرفتار

ڈرائیو نے چلتی گاڑی میں اسلحہ نکالا، گاڑی بھگاتا ہوا اندھیرے میں لے گیا اور زیادتی کی کوشش کی، ڈرائیور نے پستول مار کر واقعہ سے متعلق کسی کو آگاہ نہ کرنے کی دھمکیاں دیں۔ متاثرہ لڑکی کا پولیس کو بیان

Sajid Ali ساجد علی منگل 16 اپریل 2024 12:58

کراچی میں ٹیکسی ڈرائیور کی امریکی نژاد لڑکی سے زیادتی کی کوشش، ملزم ..
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 اپریل 2024ء ) صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں امریکی نژاد لڑکی سے زیادتی کی کوشش کرنے والے ملزم ٹیکسی ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شہر قائد میں سپرہائی وے پر واقع نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں ٹیکسی ڈرائیور کی جانب سے امریکی نژاد لڑکی سے زیادتی کی کوشش کی گئی، پولیس نے واقعے میں ملوث ملزم زین رؤف کو گرفتار کرلیا، جس کے بعد تفتیشی ٹیم نے ملزم کا 2 دن کا ریمانڈ بھی حاصل کرلیا۔

متاثرہ لڑکی نے پولیس کو دیئے گئے بیان میں بتایا ہے کہ 10 اپریل کو آن لائن ٹیکسی سروس سے گاڑی بک کروائی، اس دوران ڈرائیو نے چلتی گاڑی میں اسلحہ نکال لیا اور زیادتی کی کوشش کی، اسلحہ دیکھ کر میں نے شور مچایا، شور مچانے پر ڈرائیور نے تشدد کیا اور پھر سے زیادتی کی کوشش کی، اس دوران ڈرائیور گاڑی بھگاتا ہوا اندھیرے میں لے گیا، اس کے بعد دوبارہ یو ٹرن لیا اور گھر کی طرف گاڑی لے جانے لگا۔

(جاری ہے)

مٹاثرہ لڑکی کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ کسی شہری کی گاڑی کو دیکھ کر میں نے گاڑی کا ہارن بجایا، جس پر ٹیکسی ڈرائیور نے مجھے پستول سے دوبارہ تشدد کا نشانہ بنایا، اس کے بعد ڈرائیور نے پستول مار کر واقعے سے متعلق کسی کو آگاہ نہ کرنے کی دھمکیاں دیں اور فرار ہوگیا۔ اس واقعے کے حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ 10 اپریل کو پیش آیا، شکایت پر 13 اپریل کو تھانہ گڈاپ سٹی میں واقعے کا مقدمہ درج کیا، سوسائٹی کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم زین رؤف کو گرفتار کیا گیا، ملزم کے قبضے سے گاڑی اور اسلحہ بھی برآمد کیا گیا، ملزم نے گاڑی پر جعلی نمبر پلیٹ لگا رکھی تھی، گرفتاری کے بعد تفتیشی ٹیم نے ملزم کا 2 دن کا ریمانڈ بھی حاصل کرلیا۔