فلسطینیوں کے حق میں مظاہرے:امریکا کی کئی ریاستوں میں اہم شاہرائیں بند ہوگئیں‘گولڈن گیٹ اور بروکلین برج بھی متاثر

سان فرانسسکو میں احتجاج کے سبب ٹریفک کی روانی کئی گھنٹوں تک معطل رہی ‘نیویارک‘شکاگو‘اوریگن سمیت متعدد ریاستوں اور شہروں میں احتجاج

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 16 اپریل 2024 15:20

فلسطینیوں کے حق میں مظاہرے:امریکا کی کئی ریاستوں میں اہم شاہرائیں بند ..
نیویارک(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔16 اپریل۔2024 ) فلسطینیوں کے حق میں مظاہروں کے دوران امریکہ کی متعدد ریاستوں میں اہم شاہراہیں بند ہوگئیں جس سے ملک کے مصروف ترین ہوائی اڈوں پر عارضی طور پر مسافروں کی روانگی معطل رہی اسی طرح اہم ترین پلوں گولڈن گیٹ اور بروکلین برج کے ساتھ ساتھ مصروف ترین ہائی وے ویسٹ کوسٹ پر عارضی طور پر سفر متاثر ہوا.

(جاری ہے)

امریکی ریاستوں کیلی فورنیا، نیویارک اور الی نوائے میں احتجاج کے دوران مظاہرین نے اسرائیل اور حماس کے درمیان فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا شکاگو شہر میں مظاہرین نے صبح سات بجے کے قریب بین الاقوامی ہوائی اڈے او ہیئر کی طرف جانے والی انٹر اسٹیٹ لین کو بلاک کر دیا مظاہروں کے منتظمین میں شامل رفقہ فلانے کے مطابق امریکہ میں احتجاج فلسطین کی آزادی کے لیے اقتصادی ناکہ بندی کے عالمی مظاہروں کا حصہ تھا.

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق کیلی فورنیا کے شہر سان فرانسسکو میں احتجاج کے سبب ٹریفک کی روانی کئی گھنٹوں تک معطل رہی اسی طرح مظاہرین نے گولڈن گیٹ برج پر تمام گاڑیوں، پیدل چلنے والوں اور موٹر سائیکلوں کی آمدورفت بند کر دی اوکلینڈ میں انٹراسٹیٹ 880 ہائی وے پر مظاہرین نے سیمنٹ سے بھرے 55 گیلن ڈرموں میں خود کو جکڑا اور راستے کو بند کر دیا نیویارک کے علاقے بروکلین میں مارچ کرنے والے مظاہرین نے بروکلین پل پر مین ہٹن جانے والی ٹریفک کو روک دیا اسی طرح ریاست اوریگن کے شہر یوجین میں مظاہرین نے انٹراسٹیٹ فائیو کو بلاک کیا جس سے دیگر اہم شاہراہوں پر 45 منٹ تک ٹریفک کی روانی بند رہی.

مختلف مقامات پر پولیس نے درجنوں مظاہرین کو قانون کی مبینہ خلاف ورزی پر حراست میں لیا گزشتہ سال سات اکتوبر کو حماس کے جنوبی اسرائیل پر حملے کے بعد سے شکاگو میں جنگ مخالف مظاہرین روزانہ احتجاج کر رہے ہیں .