ڈپٹی کمشنر کا گندم خریداری مراکز کا دورہ، کاشتکاروں کو فراہم کی جانیوالی سہولیات کا جائزہ لیا

منگل 16 اپریل 2024 18:42

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2024ء) ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ نے گندم خریداری مراکزکا دورہ کرکے سنٹرز پر انتظامات اور کاشتکاروں کو فراہم کی جانیوالی سہولیات کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے باردانہ ایپ پرکاشتکاروں کے اندراج کے طریقہ کار کو چیک کیا۔انہوں نے ہدایت کی کہ سنٹرز پر کاشتکاروں کے بیٹھنے کیلئے سائے اور پینے کیلئے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ مراکز خرید گندم پر کاشتکارو ں کی رہنمائی کیلئے پینا فلیکس آویزاں کئے جائیں جبکہ سنٹرز میں صفائی ستھرائی پر خصوصی توجہ دی جائے۔انہوں نے کسانوں سے کہا کہ وہ بار دانہ ایپ پراپنے کوائف کا اندراج کریں ،اس ضمن میں کاشتکار خود اپنے موبائل سے یا سنٹر پر آکر باردانہ کے حصول کیلئے ایپ پر کوائف درج کراسکتے ہیں،باردانہ کی تقسیم ایپ پر اندراج اور کوائف کے ٹیلی ہونے پر کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ 6،ایکڑتک کے کاشتکار بادانہ ایپ پر باردانہ کے حصول کیلئے اندراج کراسکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر کاشتکاروں سے 3900روپے فی من کے حساب سے گندم خریدی جائے گی،باردانہ کے حصول کیلئے کاشتکاروں کو ایس ایم ایس موصول ہو گا،کاشتکاروں کو فی ایکڑ کیلئے 6جیوٹ بوری یا 12پی پی بیگز فراہم کئے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کاشتکار ایس ایم ایس میں بتائے گئے گندم خرید مرکز پر جا کر گندم فروخت کر سکیں گے،گندم خرید مراکز پر کاشتکاروں کیلئے بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے سنٹرز پر موجود کاشتکاروں سے ملاقات بھی کی اور انکے مسائل بھی سنے اور کہا کہ گندم کے کاشتکاروں کے حقوق کا مکمل تحفظ کیا جائے گا اور ضلع کے 11 خریداری مراکزپر بہترین انتظامات یقینی بنانے کے لئے متعلقہ محکموں کو واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں۔