فوڈ سیفٹی ٹیموں کی عید سپیشل آپریشن کے دوران فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ، 804 فوڈ پوائنٹس کو جرمانے، 11 ریسٹورنٹ بند

منگل 16 اپریل 2024 19:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2024ء) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے صوبہ بھر میں عید سپیشل آپریشن کے دوران 6500 سے زائد فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کے دوران 804 مراکز کو 96 لاکھ 58 ہزار کے جرمانے عائد کیے گئے، 11 ریسٹورنٹ بند کر کے 2 مقدمات درج کروا دیئے گئے۔کارروائیوں کے دوران 9561 لٹر ملاوٹی دودھ، 11,298انڈے،4,963 لٹر بیوریجز، 2,888 کلو مٹھائیاں، 1،118 لیٹر رینسڈ آئل، 1,108 لیٹر شوگر سیرپ اور321 کلو رنگ، 1,834کلو زائدالمیعاد اشیا سمیت1لاکھ 83ہزار 664 لٹر مضر صحت کولڈ ڈرنکس،31 ہزار 811 کلو ناقص گوشت، 2 من ناقص آئل، کنفیکشنری اور سنیکس تلف کئے گئے۔

تفصیلات کے مطابق 1900 دودھ بردار گاڑیوں اور 800 ملک شاپس پر20 لاکھ لٹر سے زائد دودھ کا معائنہ کیا گیا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ ٹولنٹن مارکیٹ میں مسلسل چیکنگ اور علی الصبح ناکہ بندیوں کے دوران 2لاکھ 38 ہزار کلو سے زائد مرغیوں اور گوشت کا معائنہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

اشیا خورونوش کی تیار ی میں ٹوٹے انڈوں اور ناقص اجزا کے استعمال پر کارروائیاں عمل لائی گئیں۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے کہا کہ مٹھائی اور کیکس کو ممنوعہ اجزا کی ملاوٹ سے تیار کرکے گندے فرش پر رکھا پایا گیا۔خوراک میں ملاوٹ اور جعلسازی کرنے پر 2 مقدمات بھی درج کروائے گئے ہیں۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے مزید بتایا کہ 3283 پوائنٹس کو مزید بہتری کے لیے اصلاحی نوٹس جاری کیے گئے، 8 سیمپل لیبارٹری ٹیسٹ کے لیے بجھوائے گئے۔عید الفطر پر مسافروں تک محفوظ خوراک کی فراہمی کے لیے مسلسل موٹرویز، لاری اڈوں اور ریلوے سٹیشن پر موجود فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی گئی۔

وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین کے حکم پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے عید کی چھٹیوں میں بھی ملاوٹ مافیا کو نکیل ڈالے رکھی۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ عوام تک محفوظ اور غذائیت سے بھرپور خوراک کی یقینی فراہمی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔