وزیرپبلک ہیلتھ خیبرپختونخوا کاکرم پل کا سے کلہ پل اور نئی سبزی منڈی روڈ کا معائنہ

منگل 16 اپریل 2024 21:14

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2024ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی خصوصی ہدایت پر صوبائی وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ملک پختون یار خان نے کمشنر بنوں ڈویژن پرویز ثبت خیل اور ڈپٹی کمشنر بنوں شاہ سعود خان کے ہمراہ بارش کے باعث ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیتے ہوئے کرم پل کا سے کلہ پل اور نئی سبزی منڈی روڈ کا معائنہ کیا صوبائی وزیر ملک پختونیار خان کو کمشنر بنوں ڈویژن پرویز ثبت خیل نے کرم پل اور کاسے کلے پل کو ایک طرف سے بارش کے باعث ہونے والے نقصان کے بارے میں بریفنگ دی صوبائی وزیر ملک پختونیار خان نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کے ساتھ ٹیلی فونک رابطہ کیا اور عوام کو درپیش چیلنجز سمیت حالیہ بارشوں سے پیدا شدہ صورتحال سے آگاہ کیا جس پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے فنڈز فراہمی کی یقین دہانی کے ساتھ متعلقہ حکام کو کام شروع کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر ملک پختون یار خان نے بھی این ایچ اے اور محکمہ سی این ڈبلیو کو تعمیراتی و بحالی کام جاری رکھنے کی ہدایت کی اور ریمارکس دئیے کہ فنڈز دستیابی بروقت یقینی بنائی جائے گی۔صوبائی وزیر ملک پختون یارخان نے دورے کے اختتام پر میڈیا کے نمائندوں سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت بحالی و تعمیراتی امور کو نمٹانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر فنڈز جاری کرے گی اور دونوں پلوں اور سڑک کی مرمت کا کام شروع کیا جا رہا ہے، اس میںکسی بھی صورت سست روی کو برداشت نہیں کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ بارش کے باعث صرف نقصانات بنوں میں نہیں ہوئے ہیں بلکہ پورا صوبہ نقصانات کی زد میں آگیا ہے کہیں زیادہ تو کہیں کم نقصان ہوا ہے تدارک کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ عوام کے حقوق اور ان کے مسائل پر کسی کے ساتھ سمجھوتہ نہیں کریں گے کیونکہ عوام کو آسانیاں فراہم کرنا ہمارا مشن ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے ووٹ اس مقصد کیلئے دیا ہے کہ درپیش مسائل بروقت حل ہوں، خیبر پختونخوا کی حکومت عوامی مسائل کے حل کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے جنہیں عوام جلد محسوس کریں گے ۔